چھتیس گڑھ میں گزشتہ تین برسوں میں 20291 لوگوں کومستقل نوکری : بھوپیش
رائے پور، مارچ۔چھتیس گڑھ سرکار نے گزشتہ تقریباً تین برسوں میں تمام زمروں میں 20291 لوگوں کو مستقل سرکاری نوکریاں دی ہیں۔وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے آج اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن لیڈر دھرم لال کوشک کے ضمنی سوالات کے جواب میں یہ اطلاع دی ۔ مسٹر کوشک نے اس پر کہا کہ سرکاری ہولڈنگ میں چار لاکھ 65 ہزار سے زیادہ لوگوں کو نوکری دینے کی بات ہو رہی ہے۔ بگھیل نے اپنے جواب میں کہا کہ نوکریاں صرف سرکاری ہی نہیں ہیں۔ مسٹرکوشک نے سوال کیا کہ حکومت نے اپنے عوامی منشور میں عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا وعدہ کیا تھا، اور اس کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی، لیکن دو سال قبل اس کی میٹنگ کے بعد کچھ نہیں ہوا۔ مسٹر بگھیل نے کہا کہ اس میٹنگ میں محکموں سے معلومات طلب کرنے اورایڈوکیٹ جنرل سے ان کی رائے بھی مانگنے کا فیصلہ ہوا تھا ۔انہوں نے کہا کہ 33 محکموں سے معلومات آئی ہیں۔ بی جے پی کے شیو رتن شرما نے کہا کہ ان کے پاس دو لاکھ 80 ہزار لوگوں کو سرکاری نوکریاں دینے سے متعلق وزیر اعلیٰ کے بیان کی ویڈیو کلپنگ ہیں۔انہوں نے اسے ایوان کی میز پر رکھنے کی اجازت چاہی لیکن سپیکر نے انکار کر دیا۔