روس کی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رْکنیت ختم کی جائے:امریکی وزیرخارجہ

جنیوا،مارچ۔امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے منگل کوایک تقریرمیں روس کی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رکنیت ختم کرنے کی تجویزپیش کی ہے۔بلینکن نے جنیوا میں قائم کونسل کے اجلاس میں ورچوئل تقریر میں کہا کہ ’’کوئی شخص معقول طور پر یہ پوچھ سکتا ہے کہ کیا اقوام متحدہ کے ایک رکن ملک کو اس کونسل میں رہنے کی اجازت دی جانی چاہیے جوخود انسانی حقوق کی ہولناک خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے،بڑے پیمانے پر انسانی مصائب کا سبب بن رہا ہے اور اقوام متحدہ کے ایک اور رکن ملک پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتا ہے‘‘۔بلینکن نے روسی فوج کے یوکرین میں اسپتالوں اور اسکولوں جیسے شہری اہداف پر میزائل حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے خبردارکیا کہ حملہ آورفوج کے جرائم ’’وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتے جارہے ہیں‘‘۔انھوں نے کہا کہ اگرصدرپوتین یوکرین کی جمہوری طور پر منتخب حکومت کو گرانے کے اپنے بیان کردہ مقصد میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو انسانی حقوق کی صورت حال اورسنگین اور انسانی بحران مزید ابترہو جائے گا۔یوکرین روس کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات کامطالبہ کررہا ہے اور اس نے اس ضمن میں انسانی حقوق کونسل کے سالانہ اجلاس کے موقع پرایک درخواست بھی پیش کی ہے۔روسی فوج نے گذشتہ جمعرات کو صدرولادی میرپوتین کے حکم پریوکرین پر بھرپورحملہ کیا تھا اور اب وہ دارالحکومت کیف کی جانب بڑھ رہی ہے۔بلینکن نے ’’دستاویزات اور جوابدہی‘‘کو یقینی بنانے کے لیے اس طرح کی تحقیقات کواہم قرار دیتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ کریملن روس کے اندربھی اپنے جبرواستبداد کو بڑھارہا ہیاور اپنے فیصلوں کی مخالفت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کررہا ہے۔انھوں نے مزید کہا:’’ہمیں ایک پختہ اور متحد پیغام دینے کی ضرورت ہے اوروہ یہ کہ صدرپوتین کوغیر مشروط طور پر اس (جارحیت) کو روک دینا چاہیے‘‘۔

Related Articles