ایلون ماسک کی کمپنی نے یوکرین کو انٹرنیٹ کی مفت فراہمی شروع کر دی !
کیف/نیویارک،فروری۔امریکی ٹکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے یوکرین کو انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کے لیے "اسٹار لنک” کے اسٹیشنوں سے جوڑ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل یوکرین کے آئی ٹی کے وزیر میخائل فیودروف نے اپنی ٹویٹ میں امریکی ارب پتی سے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔اسپیس ایکس سیٹلائٹ کمپنی کے بانی ایلون مسک نے مصنوعی سیاروں کے ذریعے اسٹار لنک کمیونی کیشن سروس کو یوکرین کی سرزمین پر شروع کر دینے کا فیصلہ کر لیا۔ یوکرین میں اب انٹرنیٹ سروس اسی کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے۔جمعرات کے روز روس کی جانب سے فوجی آپریشن میں میزائلوں سے حملوں کے نتیجے میں یوکرین میں انٹرنیٹ سروس منقطع ہو گئی تھی۔ایلون مسک نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ اسٹار لنک سروس یوکرین کی اراضی میں فعال کر دی گئی ہے اور مزید روٹس راستے میں ہیں !واضح رہے کہ اسٹار لنک سروس سیٹلائٹ رابطے پر کام کرتی ہے۔ اسے کئی برس قبل SpaceX کمپنی نے قائم کیا تھا۔ اس کا مقصد دنیا میں انٹرنیٹ سروس سے محروم علاقوں تک یہ خدمت پہنچانا ہے۔