گیل گادوت کی فلم’’ڈیتھ آن دی نیل‘‘ پر تیونس میں بھی پابندی

تیونس،فروری۔یہودی اداکارہ کی فلم ’’ڈیتھ آن دی نیل‘‘ پر کویت و لبنان کے بعد اب ایک اور ملک نے بھی اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی۔تفصیلات کے مطابق عرب ممالک کی جانب سے اقدام کے بعد ایک اور ملک نے اسرائیلی اداکارہ گیل گادوت کی فلم "ڈیتھ آن دی نیل’’ کی نمائش پر پابندی لگا دی۔کویت و لبنان کے بعد تیونس کی حکومت نے بھی اس فلم کو سنیما گھروں میں دکھانا ممنوع قرار دیا ہے، مذکورہ فلم پر پابندی کا فیصلہ سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے مطالبے کے بعد کیا گیا ہے۔تیونس کی وزارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانوی ہدایت کار کینتھ براناگ کی ’’ڈیتھ آن دی نیل‘‘، جس پر پہلے ہی کویت اور لبنان میں اسی وجہ سے پابندی عائد ہے، اب شمالی افریقی ملک کے سینما گھروں میں بھی نہیں دکھائی جائے گی۔تیونس میڈیا نے بتایا کہ مذکورہ فلم کی 9 فروری سیتھیٹرز میں نمائش جاری تھی لیکن حکومتی احکامات کے بعد اس کو فوری طور پر ہٹا لیا گیا۔ تیونس کے سینما گھروں کے مالکان نے میڈیا کو اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اب فلم نہیں دکھائیں گے۔واضح رہے کہ اس فلم میں اسرائیلی اداکارہ گیل گادوت نے کام کیا ہے جو ماڈلنگ اور فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل اسرائیل کی فوج میں دو برس کی تربیت بھی حاصل کر چکی ہیں۔خیال رہے کہ اسرائیل میں ہر شہری کے لیے دو برس تک فوج میں خدمات انجام دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

Related Articles