منی لانڈرنگ کیس کے ملزم پر فریفتہ جیکولین فرنینڈس کے نئے انکشافات
ممبئی،ستمبر۔200 کروڑ روپے کی بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ میں ملوث، تہاڑ جیل میں قید ملزم سکیش چندر شیکھر سے اپنے تعلق سے متعلق اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے نئے انکشافات کیے ہیں۔منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم سکیش کی منی لانڈرنگ میں مدد کرنے اور اس سے تحائف لینے کے الزام میں آج کل بھارتی اداکارائیں جیکولین فرنینڈس اور مشہور رقاصہ نورا فاتحی کو تفتیش کا سامنا ہے۔دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ (EOW) کی جانب سے دونوں اداکاراؤں سمیت بالی ووڈ کی مزید مشہور شخصیات سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔اسپیشل کمشنر آف پولیس رویندر یادو نے میڈیا سے گفتگو کے دوران جیکولین کی جانب سے دیے گئے بیان سے متعلق بتایا ہے۔رویندر یادو نے بتایا ہے کہ تفتیش کے دوران اداکارہ جیکولین نے اعتراف کیا ہے کہ اْس کے ملزم سکیش کے ساتھ تعلقات تھے، جیکولین سکیش سے متعلق کافی سنجیدہ تھیں اور اْسے اپنے خوابوں کا شہزادہ سمجھتی تھیں، جیکولین کا سکیش چندر شیکھر سے شادی کا بھی ارادہ تھا۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق جیکولین فرنینڈس سکیش چندر شیکھر کے پیار میں اس قدر ڈوب چکی تھیں کہ اس کے جرائم بے نقاب ہونے کے باوجود بھی اداکارہ مسلسل سکیش سے رابطے میں تھیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز رویندر یادو نے اس کیس سے متعلق کہا تھا کہ اداکارہ جیکولین کے لیے زیادہ پریشانی کی بات ہے کیونکہ اس نے سکیش کے مجرمانہ کردار کو جاننے کے بعد بھی اس سے تعلق نہیں توڑا مگر سکیش سے متعلق جب نورا کو شک ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے تو نورا نے خود ہی سے سکیش سے رابطہ ختم کر لیا تھا۔