ملکہ برطانیہ کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آ گیا
لندن،فروری۔برطانیہ کے شاہی محل بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ ملکہ برطانیہ کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ ملکہ برطانیہ کو وائرس کے باعث ’نزلے جیسی معمولی علامات ہیں‘ لیکن توقع ہے کہ وہ اگلے ہفتے کے دوران ونڈزر میں معمولی نوعیت کے امور انجام دیتی رہیں گی۔بکنگھم پیلس کے جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ان کی طبی نگہداشت کی جا رہی ہے اور وہ تمام مناسب ہدایات پر عمل کریں گی۔‘95 سالہ ملکہ اپنے بڑے بیٹے اور جانشین، پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس سے رابطے میں آئی تھیں جن کا گذشتہ ہفتے کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔واضح رہے کہ ونڈزر کاسل میں، جہاں ملکہ برطانیہ قیام پذیر ہیں، متعدد افراد کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ملکہ برطانیہ کے کووڈ سے متاثر ہونے کا اعلان ان کی حکمرانی کی 70 سال کی تکمیل کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا ہے۔ ملکہ الزبتھ رواں ماہ چھ فروری کو برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ بنی ہیں۔انھوں نے جب اپنی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر سینڈرنگھم ہاؤس میں خیراتی اداروں کے کارکنوں سے ملاقات کی تھی تو یہ تین ماہ میں پہلا موقع تھا جب وہ کسی عوامی تقریب میں دکھائی دی تھیں۔ملکہ برطانیہ کو پہلی کووڈ ویکسین جنوری 2021 میں لگی تھی اور یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے بعد انھیں ویکسین کی تمام مطلوبہ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔بی بی سی کے شاہی نامہ نگار نکولس وچل کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں طبی معائنے کے لیے ہسپتال میں ایک رات گزارنے کے بعد سے وہ ’بہت احتیاط‘ کر رہی تھیں۔شہزادہ چارلس کی اہلیہ ڈچس آف کورنوال، کمیلا پارکر کا بھی گذشتہ ہفتوں میں اپنے شوہر کا ٹیسٹ مثبت آنے کے چند دن بعد ہی کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ڈچس آف کورنوال پہلی مرتبہ جبکہ شہزادہ چارلس دوسری مرتبہ کووڈ وائرس میں متاثر ہوئے ہیں۔شاہی محل کے اپنے معالج اور طبیب ہیں اور ملکہ کے معالج سر ہیو تھامس ہیں جو لندن کے سینٹ میری ہسپتال میں کنسلٹنٹ ہیں۔وہ برطانوی شاہی خاندان کے ذاتی معالجین کی ٹیم کے سربراہ ہیں جو اس خاندان کے افراد کی صحت کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔