یوکرین پر حملے کی صورت میں پوتین بیلا روس میں ڈیرہ جمائیں گے

واشنگٹن،فروری۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے انٹیلی جنس رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ یوکرین پر حملے کی صورت میں روسی صدر ولادی میر پوتین بیلا روس میں موجود ہوں گے۔اس حوالے سے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بتایا ہے کہ بیلا روس اپنی سرزمین پر روسی جوہری میزائلوں کے تعینات کیے جانے کی اجازت دینے پر غور کر رہا ہے۔روس نے اتوار کے روز یوکرین کی شمالی سرحد کے نزدیک فوجی تربیتی مشقوں کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ ان مشقوں کے دوران میں روسی افواج کا ایک بڑا مجموعہ پڑوسی ملک بیلا روس منتقل ہو گیا۔ شمال میں بیلا روس کی سرحد یوکرین سے ملتی ہے۔بیلا روس میں روسی افواج کی موجودگی سے یہ خدشات پیدا ہو گئے ہیں کہ ان افواج کو 3 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں یوکرین کے دارالحکومت کیف پر حملے کے واسطے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کیف کی آبادی 30 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔مغربی رہ نماؤں نے خبردار کیا ہے روس تقریبا 1.5 لاکھ فوجیوں ، لڑاکا طیاروں اور دیگر حربی ساز و سامان کے ساتھ پڑوسی ملک یوکرین پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔روس نے ہفتے کے روز بیلا روس میں روایتی مشقوں کے ساتھ جوہری تربیتی مشقوں کا بھی اجرا کیا۔ علاوہ ازیں سمندری مشقیں بحیرہ اسود کے ساحلوں کے نزدیک انجام دی جا رہی ہیں۔

 

Related Articles