اکھلیش کے لئے ملائم نے کرہل میں کی ووٹ کی اپیل
مین پوری:فروری۔اسمبلی انتخابات میں پہلی بار قسمت آزما رہے سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو کے لئے ووٹ کی اپیل کرنے ان کے والد و پارٹی نگراں ملائم سنگھ یادو نے جمعرات کو ضلع مین پوری کی کرہل اسمبلی پہنچے اور کسانوں، نوجوانوں اور کاروباریوں کو ملک کی ترقی کے لئے مضبوط ستون قرار دیا۔ملائم نے یہاں یکجا عوامی جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا’ ایس پی کی پالیسی ہے کہ کسانوں کو اولین ترجیح دی جائے۔ کھاد بیج اور سینچائی کا حل دستیاب کرایا جائے۔پیداوار بڑھے گی تو کسانوں کی حالت میں بہتری آئے گی۔ تاجروں کو بھی سہولیت دی جائے گی تاکہ وہ کسانوں کی پیداوار خریدے، لاکھوں نوجوانوں کو نوکری، روزگار دلانے کی ضرورت ہے۔ کسان نوجوان اور کاروباری یہ تین مل کر ملک کو مضبوط بنائیں گے۔ملائم سنگھ یادو کا پورا خطاب کاروباریوں اور نوجوانوں پر مرکوز رہا۔ انہوں نے کئی بار دہرایا کہ ایس پی حکومت ان کے لئے کام کرے گی۔ کیونکہ ان کی خوشحالی سے ہی ملک مضبوط ہوگا۔ عوام کاشکریہ ادا کرتے ہوئے ملائم اپنے خطاب کے اختتام کرنا چاہ رہے تھے تو پاس ہی موجود دھرمیندر یادو نے پرچی دیتے ہوئے ان کے کان میں کہا’ووٹ کی اپیل کردیجئے‘ یہ سن کر خود ملائم اور آس پاس کھڑے سبھی لوگ ہنسنے لگے۔ حالانکہ ملائم سنگھ ایک پل کے لئے کرہل کے امیدوار اور اپنے بیٹے اکھلیش کا نام بھی بھول گئے اور کہا جو بھی یہاں امیدوار ہیں انہیں جتانا ہے۔اس موقع پر اکھلیش نے بی جے پی امیدوار ایس پی سنگھ بگھیل پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا’ حریف کے پاس ووٹ نہیں ہے۔ وہ سب پارٹیوں میں گھوم کر آئے ہیں اور اب شاید ایس پی سے نزدیکیاں بڑھانا چاہتے ہیں۔ تعلقات بنانے کرہل میں آئے ہیں۔ جب آپ کے پاس آئیں چارپائی لگا دینا اور پوچھنا وعدوں کا کیا ہوا۔ دہلی کے وزیر ہیں تو انہوں نے پچھڑوں، دلتوں کے احترام کے لئے کیا کیا۔وفاقی وزیر داخلہ امت شاہ کا نام لئے بغیر انہیں ہدف تنقید بناتے ہوئے اکھلیش نے کہا بی جے پی کے ایک لیڈر کی عوامی ریلی میں کرسیاں خالی تھیں اور جب انہوں نے ملائم کے آنے خبر سنی تو ریلی چھوڑ کر ہیلی کاپٹر سے روانہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں بی جے پی کے بوتھوں پر ’سناٹا‘ملے گا۔ وہاں بس بھوت ملیں گے۔