یوکے اور اسکاٹ لینڈ گرین فری پورٹس معاہدہ

مساوی سہولتیں مہیا کریں گے، وزیراعظم بورس جانسن

گلاسگو ،فروری۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنے دورہ اسکاٹ لینڈ کے دوران پارٹی گیٹ اسکینڈل پر گفتگو کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسکاٹ لینڈ میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ملکی ترقی اور پورییوکے میں مساوی سہولتوں کو مہیا کرنے، صحت کی بہتری ، اچھی تعلیم، اچھی ٹرانسپورٹ اور فنی مہارت کو بہتر بنانے کے لئے زبردست محنت کرنے میں مصروف ہیں۔ اسکاٹ لینڈ اور یوکے کی حکومتوں کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں ٹیکس کی سہولتوں کے ساتھ دو گرین فری پورٹس زون بنائے جا رہے ہیں، پورے یوکے کو ایک معیار پر لانے کے لئے ان ٹیکس فری پورٹس کا قیام بورس جانسن کا ایک بڑا منصوبہ ہے جس سے بے شمار ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔ بورس جانسن نے اپنے دورے کے دوران روسائتھ میں کہا کہ یوکے کی حکومت نے کورونا کی وبا سے جس طرح نمٹا ہے اس پر وہ فخر محسوس کرتے ہیں، اسی وجہ سے گزشتہ سال اور اس سال ہی برطانیہ کی معیشت جی7 کے ممالک میں سب سے زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کر رہی ہے، اپنے دورہ اسکاٹ لینڈ کے دوران بورس جانسن نے اسکاٹش کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ ڈگلس رس سے ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں رکھا تھا، یہ بات قابل ذکر ہے کہ بورس جانسن اسکاٹ لینڈ میں خاصے غیر مقبول ہیں اور خود ان کی اسکاٹش کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ ڈگلس رس کے استعفیٰ کا مطالبہ کر چکے ہیں اور دیگر کنزرویٹو ممبران پارلیمنٹ نے بھی اس مطالبے کی تائید کی تھی۔

 

Related Articles