’مَلِک‘ نے شمالی یورپ میں تباہی پھیلا دی
برلن،جنوری۔طاقتور طوفان ’ملک‘ نے یورپ کے شمالی حصے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے۔ طوفان سے جڑے حادثات کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔طاقتور ہواؤں نے برطانیہ، ڈنمارک، پولینڈ اور جرمنی میں شدید نقصان کیا ہے اور لاکھوں گھر بجلی کی فراہمی سے محروم ہو گئے۔ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے پْلوں کو بند کر دیا گیا اور ٹرینیں معطل کر دی گئیں جبکہ ساحلی علاقوں میں سمندری ریلوں کے سبب فیریز کو لنگر انداز کر دیا گیا۔اس طوفان کو جرمنی میں نادیہ‘ جبکہ دیگر ملکوں میں مَلِک‘ کا نام دیا گیا ہے اور یہ اتوار 30 جنوری کو یورپ کے شمالی حصوں سے ٹکرایا۔ تیز ہواؤں کے سبب ساحلی علاقوں میں سیلابی ریلے آئے اور ٹرانسپورٹ کا نظام بھی متاثر ہوا۔ بحیرہ شمالی اور بحیرہ بالٹک کے ساحلی علاقوں میں ہفتے کے روز طوفانی ہوائیں چلنا شروع ہو گئی تھیں۔اتوار کے روز جب یہ طوفان مشرق کی جانب بڑھنا شروع ہوا تو جرمن دارالحکومت برلن کے فائر ڈیپارٹمنٹ نے ایمرجنسی نافذ کر دی اور عوام کو ہدایت کی کہ وہ جہاں کہیں بھی ہیں گھروں کے اندر ہی رہیں۔
متعدد ہلاکتیں:ہفتہ 29 جنوری کو جرمن ریاست برانڈنبرگ کے شہر بیلیٹز میں ایک شخص ایک انتخابی پوسٹر آن لگنے کے سبب ہلاک ہو گیا، جو تیز ہوا کے سبب اکھڑ کر اسے لگا۔ اس شخص کا ایک ساتھی اس واقعے میں زخمی بھی ہوا۔جرمن ریاست شلیسوگ ہولشٹائن میں درخت گرنے کی وجہ سے ٹرین سروس معطل ہو گئی۔اسکاٹ لینڈ میں 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں۔ آبردین کے علاقے میں ایک 60 سالہ خاتون ایک گرتے ہوئے درخت کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئیں۔وسطی انگلینڈ میں ایک نو سالہ لڑکا بھی اس وقت ہلاک ہو گیا جب اس پر ایک درخت آن گرا۔ اس کے ساتھ موجود ایک شخص اس واقعے میں زخمی بھی ہوا۔ انگلینڈ بھر میں بجلی کی تاریں ٹوٹنے کے سبب قریب 130,000 گھر بجلی کی فراہمی سے محروم ہو گئے۔پولینڈ میں بحیرہ بالٹک کے کنارے پر واقعے علاقے ویخیروو میں بھی درخت گرنے کے سبب ایک شخص ہلاک جبکہ ایک اور زخمی ہوا۔ پورے ملک میں 680,000 افراد بجلی سے محروم ہوئے۔جمہوریہ چیک کے ایک صنعتی علاقے میں ایک پانچ میٹر بلند دیوار گرنے کے سبب دو ورکرز اس کے نیچے دب گئے۔ ان میں سے ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔اسی طرح ڈنمارک میں بھی تیز ہواؤں کے سبب گرنے والی ایک 78 سالہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موت کے منہ میں چلی گئیں۔
ٹرین سروس اور پْل بند:جرمن ریل سروس ڈوئچے بان کے مطابق طوفانی ہواؤں کے سبب جرمن ریاست شلیسوگ ہولشٹائن میں درخت گرنے کی وجہ سے ٹرین سروس معطل ہو گئی۔جرمنی کے شمالی شہر بریمن میں فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق شہر بھر میں کئی مقامات پر درخت گرنے کے واقعات پیش آئے اور انہیں مدد کے لیے طلب کیا گیا۔ڈنمارک کو سویڈن سے ملانے والے ٹریفک اور ریلوے کے مشترکہ پْل اؤریزون کو بند کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ جڑنے والے دیگر پلوں کو بھی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا۔