یو پی میں شام 5بجے تک60.44فیصدی ووٹنگ ہوئی

لکھنؤ:فروری۔ اترپردیش اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت پیر کو 55سیٹوں پر جاری ووٹنگ میں شام 5 بجے تک60.44فیصدی رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔الیکشن کمیشن سے موصول اعدادوشمار کے مطابق ضلع مراپو رکی پانچ اسمبلی سیٹوں پر شام پانچ بجے تک اوسط ووٹنگ 60.30فیصدی تھی۔ جبکہ ضلع امروہہ میں 66.19فیصدی،ضلع بدایوں میں55.91فیصدی،ضلع شاہجہاں پور میں 55.25فیصدی، ضلع مرادآباد میں 64.88فیصدی، ضلع سنبھل میں 56.93فیصدی، ضلع بریلی میں 57.88فیصدی، ضلع سہارنپور میں 67.13فیصدی اور ضلع بجنور میں 61.48فیصدی ووٹروں نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ پرامن طریقے سے جاری ہے۔سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ کہیں سے کسی بھی قسم کے کوئی ناخشگوار واقعہ کے پیش آنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ سبھی نو اضلاع میں حق رائے دہی کے تئیں لوگوں کا جوش دیکھا جارہا ہے۔کئی پولنگ سنٹروں پر سیلفی پوائنٹ بنائے گئے ہیں جو نوجوانوں کو خصوصی طور سے مائل کررہے ہیں۔ووٹنگ طے شدہ وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوگئی جو شام چھ بجے تک جاری رہے گی۔اس دوران قطار میں کھڑے لوگوں کو چھ بجے کے بعد بھی ووٹنگ کا موقع دیا جائے گا۔اس درمیان سہارنپور سے موصول اطلا ع کے مطابق نکڑ اسمبلی حلقے میں انتخابی ڈیوٹی کے دوران ایک نگراں کی ذمہ داری ادا کررہےانتخابی افسر کا دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔اطلاع کے مطابق نکڑ اسمبلی حلقے کے گاؤں ڈھکا ٹپری میں ووٹنگ سنٹرکے بوتھ نمبر 227کے نگراں افسر راشد علی خان(58) کو دوران ووٹنگ تقریبا دس بجے دل کا دورہ پڑگیا۔ انہیں فورا سہارنپور کے میڈی گرام اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی موت ہوگئی۔ضلع مرادآباد کے کندرکی اسمبلی حلقے کے نگلا گاؤں کے رائے دہندگان نےعلاقے میں ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔بریلی، امروہہ اور سہارنپور کے کچھ پولنگ بوتھوں پر ای وی ایم میں خرابی کی وجہ سے ووٹنگ میں تاخیر کی بھی اطلاعات ہیں۔رپورٹ کے مطابق ضلع بریلی کے بوتھ نمبر 426 اور 429 پر ای وی ایم میں خرابی کی وجہ سے تقریبا ایک گھنٹے کی تاخیر سے ووٹنگ کا آغاز ہوا۔

Related Articles