ہماچل میں تمام اسکول، جم، سنیما ہال کھولنے کا فیصلہ
شملہ، فروری۔ہماچل پردیش میں17 فروری سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا۔وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر کی صدارت میں آج یہاں کابینہ کی میٹنگ میں اس بابت فیصلہ کیا گیا۔ریاست میں کورونا کے کیسز کم ہونے کے بعد حکومت نے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ جم اور سینما ہال کھولنے کی بھی کابینہ میں منظوری دی گئی ہے۔ ریاست میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے لیے 17 فروری سے اسکول کھول دیے جائیں گے۔اجلاس میں تمام جم اور سینما گھر کھولنے اور ہر قسم کے لنگر کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریاستی فائر برگیڈ سروس میں ہماچل پردیش اسٹاف سلیکشن کمیشن کے توسط سے کنٹریکٹ بنیادپر ڈپٹی فائر برگیڈ افسر کے آٹھ عہدوں کو بھرنے کی منظوری دی ہے۔اس کےساتھ ہی ضلع کانگڑہ کے دھیرا میں تین نئے سب فائر اسٹیشن کھولنے کے ساتھ ساتھ ضلع چمبہ میں بھٹیات اور ضلع منڈی کے ریوالسر میں تین نئے سب فائر اسٹیشن کھلونے اور شملہ کے چڑگاؤں،ضلع ہمیر پورکے بھورنج اور اٹل ٹنل روہتانگ کے جنوبی پورٹل میں تین نئے فائر پوسٹ کھولنے کی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے نیشنل ایمبولینس سروس-108 کے تحت 50 اضافی ایمبولینسوں کی خریداری اور آپریشن کی منظوری دی تاکہ فوری نگہداشت کی ضرورت والے مریضوں کو مفت ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی جا سکے۔