ساہا ذاتی وجوہات کی بنا پر بنگال رنجی ٹیم سے باہر

کولکتہ، فروری۔تجربہ کار ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز ردھمان ساہا نے ذاتی وجوہات کی وجہ سے بنگال کی رنجی ٹرافی ٹیم سے باہر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساہا نے تاہم اس کی صحیح وجوہات کی وضاحت نہیں کی۔ کرک انفو کے مطابق، 37 سالہ ساہا کی غیر موجودگی میں، بنگال نے ساکر حبیب گاندھی اور ابھیشیک پوریل کو وکٹ کیپر متبادل کے طور پر منتخب کیا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستانی سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ نے حال ہی میں ساہا کے ساتھ ان کے مستقبل کے بارے میں بات چیت کی تھی، لیکن اس بارے میں بھی فی الحال کوئی ٹھوس معلومات نہیں ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ رشبھ پنت اس وقت وکٹ کیپر کے طور پر ہندوستان کی پہلی پسند ہیں اور ساہا بیک اپ کے طور پر ہندوستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں موجود ہیں، تاہم، ساہا کی عمر کے پیش نظر اور نومبر-دسمبر 2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف گھریلو ٹسٹ سیریز کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کے ایس بھرت کی شکل میں سلیکٹرز کے پاس اب کم عمر کے دو وکٹ کیپروں کے متبادل موجود ہیں۔ پنت 24 سال کے ہیں، جبکہ بھرت اب 28 سال کے ہیں اور پچھلے کچھ سال سے انڈیا اے ٹیم کے باقاعدہ رکن ہیں۔ اس دوران ایک اور سینئر کھلاڑی رابن اتھپا بھی رنجی ٹرافی کے لیے کیرالہ ٹیم سے غائب ہیں۔ اتھپا کو دسمبر میں سید مشتاق علی ٹرافی ٹورنامنٹ کے دوران پٹھوں میں کھینچاؤ سے صحت یاب ہورہے ہیں۔ ان کے جلد مکمل فٹ ہونے کی امید ہے لیکن امکان ہے کہ وہ رانجی ٹرافی کے لیگ مرحلے سے باہر ہو جائیں گے، جو آئی پی ایل 2022 کے آغاز سے قبل مارچ کے آخر میں ختم ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ سنجو سیمسن کو بھی کیرالہ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے، کیونکہ ان کا بنگلور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیبلی ٹیشن کا عمل چل رہا ہے۔ کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن نے اس بارے میں کہا کہ توقع ہے کہ سیمسن فٹ ہونے کے بعد ٹیم میں شامل ہوں گے۔ واضح رہے کہ بنگال رنجی ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے ایلیٹ گروپ بی میں بڑودہ، حیدرآباد اور چنڈی گڑھ کے ساتھ ہے اور وہ اپنے میچ کٹک میں کھیلے گا، جبکہ کیرالہ ایلیٹ گروپ اے میں گجرات، مدھیہ پردیش اور میگھالیہ کے ساتھ ہے۔ ان کے سبھی میچ راجکوٹ میں ہوں گے۔ رنجی ٹرافی کو گزشتہ سال کورونا وبا کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا لیکن اس بار بی سی سی آئی اسے دو مرحلوں میں منعقد کر رہا ہے۔ ایک آئی پی ایل سے پہلے اور ایک آئی پی ایل کے بعد۔

Related Articles