خواتین کا آئی پی ایل جلد شروع ہوگا: جے شاہ

نئی دہلی، فروری۔خواتین کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اگلے سال شروع ہو سکتی ہے۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کہا ہے کہ بورڈ جلد ہی ٹورنامنٹ شروع کرنے پر کام کر رہا ہے۔واضح رہے کہ مردوں کے آئی پی ایل کے ساتھ تین ٹیموں کا ویمنز ٹی 20 چیلنج ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا جاتا ہے، لیکن بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ خواتین مزید ٹیموں اور کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے توسیع شدہ ٹورنامنٹ کی مستحق ہیں۔ ویمنز ٹی ٹوئنٹی چیلنج ٹورنامنٹ اس سال بھی جاری رہ سکتا ہے لیکن بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ کے مطابق حالات جلد بدل جائیں گے۔اس سلسلے میں، بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے پیر کے روز کہا، "میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ بی سی سی آئی آئی پی ایل کی طرح جلد ایک مکمل خواتین لیگ جلد شروع کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ خواتین کے ٹی 20 چیلنج کے تئیں شائقین اور کھلاڑیوں میں کافی دلچسپی ہے اور ہم اس پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔”واضح رہے کہ آئی پی ایل کا پورا 2020 سیزن اور 2021 سیزن کا دوسرا مرحلہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ملک میں کورونا وبا کی وجہ سے بگڑتی صورتحال کے باعث منعقد ہوا تھا، لیکن اس بار جے شاہ نے آئی پی ایل 2022 سیزن کو ہندوستان میں ہی منعقد کرنے کا اعتماد ظاہر کیا ہے جس کے مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع ہونے کی امید ہے۔ شاہ نے کہا، "گزشتہ چند سال میں حالات مختلف تھے اور ہم نے ٹورنامنٹ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرکے سخت حالات میں بھی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔ بی سی سی آئی ملک میں کورونا وبا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر یہ سازگار رہا تو ہم اس سال ہندوستان میں آئی پی ایل کا انعقاد کریں گے اور میں اس کے بارے میں کافی پر امید ہوں۔ بی سی سی آئی کورونا سے متعلق رہنما خطوط کی بنیاد پر ٹورنامنٹ میں شائقین کی حاضری پر انتظار اور نگرانی (ویٹ اینڈ واچ ) کا طریقہ اپنائے گا۔بی سی سی آئی کے سکریٹری نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے صدر رمیز راجہ کے ذریعہ ہندوستان ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں پر بنائے گئے سالانہ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے منصوبوں پر بھی ردعمل ظاہر کیا۔

Related Articles