سابق آسٹریلین کرکٹ کوچ لینگر کا استعفیٰ میڈیا میں لیک ہوگیا
سڈنی،فروری۔ آسٹریلوی میڈیا میں جسٹن لینگر کا خفیہ استعفے والا خط لیک ہوگیا اس خط میں انہیں مختصر المعیاد معاہدے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن51سالہ لینگر نے معاہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔لیک ہونے والے خط میں لینگر کے استعفے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لینگر کو سنیئر کھلاڑیوں اور آسٹریلیا کیبورڈ اراکین کی سپورٹ حاصل نہیں تھی۔لینگر نے خط میں لکھا ہے کہ اگر کسی کو میرے کوچنگ انداز سے اعتراض ہے تو میں اس پر معذرت چاہتا ہوں۔آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اور میتھیو ہیڈن نے جسٹن لینگر کی بطور ہیڈ کوچ رخصتی کو شرمناک قرار دے دیا، دونوں نے اس معاملے کو درست انداز میں نہ سنبھالنے پر بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، ہیڈن کے تو لینگر کے ساتھ ایسے سلوک پر آنسو نکل آئے۔پونٹنگ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ آسٹریلین کرکٹ کیلیے ایک بہت ہی افسوسناک دن ہے، اس سے قبل بورڈ نے سابق ٹیسٹ کپتان ٹم پین کا معاملے بھی درست انداز میں نہیں نمٹایا۔ہیڈن نے پیٹ کمنز کو عوامی سطح پر لینگر کی حمایت نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سنیئر آسٹریلوی کھلاڑی لینگر سے خوش نہیں تھے۔یہی وجہ ہے کہ ٹیم کی اچھی کارکردگی کے باوجود انہیں گھر جانا پڑا۔