عام آدمی پارٹی اتراکھنڈ کی تعمیر نو کرے گی: کیجریوال

نئی دہلی، فروری۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پیر کو اتراکھنڈ کی ہمہ جہت ترقی کے لئے پارٹی کا روڈ میپ تیار کیا اور کہا کہ اگر ان کی پارٹی حکومت بناتی ہے تو ریاست کی تعمیر نو کی جائے گی۔ہریدوار میں ایک پریس کانفرنس میں مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اتراکھنڈ کو بنے تقریباً 21 سال ہوچکے ہیں جس میں کانگریس نے تقریباً 10 سال اور بی جے پی نے تقریباً 11 سال حکومت کی۔ یہ دونوں جماعتیں ریاست کی حالت زار کی ذمہ دار ہیں۔ ان 21 برسوں میں اتراکھنڈ کے باشندوں نے سوائے کرپشن کے کچھ نہیں دیکھا۔ عام آدمی پارٹی ایک نئی پارٹی ہے۔ پہلی بار دہلی کے لوگوں نے موقع دیا اور ہم نے وہاں بے مثال ترقیاتی کام کیے ہیں۔اتراکھنڈ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اپنی پارٹی کے 10 نکاتی ایجنڈے کو پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے منشور کا خلاصہ ہے۔ ڈیکلریشن فارم کی تفصیل چند روز بعد جاری کی جائے گی۔ سب سے پہلے ہم کرپشن ختم کریں گے۔ اتراکھنڈ میں آج سب سے بڑا ناسور کرپشن ہے۔ بی جے پی کی حکومت ہو یا کانگریس، سبھی لیڈروں نے مل کر اتراکھنڈ کو لوٹا ہے۔ دوسرا ہم نے دہلی میں بجلی کا نظام ٹھیک کیا اور 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ دہلی میں 24 گھنٹے بجلی رہتی ہے۔ اسی طرح اتراکھنڈ میں بھی 24 گھنٹے مفت بجلی دی جائے گی۔عام آدمی پارٹی کے کنوینر نے کہاکہ “تیسرا نکتہ روزگار ہے۔ ہم نے گزشتہ چند برسوں میں دہلی میں 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا ہے۔ ہم کام کرنا بھی جانتے ہیں اور ہمارے ارادے بھی ہیں۔ اتراکھنڈ کے ہر نوجوان کو سرکاری نوکری میں برابر کا موقع ملے گا اور رشوت اور سفارش کے بغیر نوکری ملے گی۔ پرائیویٹ سیکٹر میں بہت بڑے پیمانے پر نوکریاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔ جس طرح ہم نے دہلی میں 10 لاکھ نوجوانوں کو نوکریاں دی ہیں، اسی طرح ہم اتراکھنڈ میں بھی نوکریاں دیں گے، جب تک انہیں نوکری نہیں ملے گی ہم پانچ ہزار روپے ماہانہ بے روزگاری الاؤنس دیں گے۔ چوتھا 18 سال سے زیادہ عمر کی ہر خاتون کو ماہانہ ایک ہزار روپے دیے جائیں گے۔ پانچواں آج اتراکھنڈ میں سرکاری اسکولوں کی حالت بہت خراب ہے۔ سرکاری اسکول ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ غریبوں کے بچے تعلیم حاصل نہیں کر رہے۔ اگر ہماری حکومت آتی ہے تو اتراکھنڈ میں بھی سرکاری اسکول اچھا کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چھٹا ایجنڈا سرکاری ہسپتال ہے۔ ہم نے دہلی کے کونے کونے میں محلہ کلینک کھولے ہیں۔ آج اتراکھنڈ میں اتنے برسوں بعد بھی پہاڑوں کے کسی بھی گاؤں کے اندر صحت کا کوئی نظام نہیں ہے۔ یہاں لوگوں کو اسپتال پہنچنے کے لیے لمبی دوری پیدل کرنا پڑتا ہے۔ اس نظام کو ختم کر دیا جائے گا۔ صرف ایک محلہ کلینک ماڈل ہے، جسے گاؤں کے اندر لاگو کیا جا سکتا ہے۔ ساتویں سڑکوں کی مرمت کی جائے گی۔مسٹر کیجریوال نے کہا کہ آٹھویں ہم نے مذہبی یاترا کی ضمانت دی ہے اتراکھنڈ کے ہر باشندے کو ایودھیا کے درشن کرائے جائیں گے۔اسلام مذہب کے ماننے والے لوگوں کو اجمیر شریف کے زیارت کرائے جائیں گے۔ نواں ریٹائرمنٹ کے بعد آنے والے تمام فوجیوں کو سرکاری نوکریاں دی جائیں گی۔ دہلی کی طرح اتراکھنڈ میں رہنے والا کوئی فوجی یا پولیس والا کسی بھی آپریشن میں شہید ہو جائے تو ہم انہیں ایک کروڑ روپے کا اعزازیہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اتراکھنڈ میں تعلیم مفت دیں گے۔ آج ایک آدمی کے تین بچے ہیں اور اگر وہ اپنے بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں میں بھیجتا ہے تو کم از کم ایک بچے کا ماہانہ تین ہزار روپے خرچ ہوتا ہے۔ اس طرح ان کے ہر ماہ تقریباً 10 ہزار روپے بچیں گے۔

Related Articles