یہ الیکشن دو نظریات کا ہے:شاہ

باغپت:فروری۔وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو کہا کہ موجودہ اترپردیش کے اسمبلی انتخابات دو نظریات کے درمیان ہے ۔ایک نظریہ وہ ہے جو اپنے کنبے کے لئے انتخابی میدان میں ہے اور ایک نظریہ وہ ہے جو ملک کے لڑرہا ہے۔باغپت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا’یہ الیکشن دو نظریات کا ہے۔ایک وہ ہے جو اپنے پریوار کے لئے لڑرہا ہے اور ایک وہ ہے جو ملک کے لئے انتخابی میدان میں ہے۔ایک وہ ہے جو ذات کے لئے لڑرہا ہے اور ایک وہ ہے جو یوپی کی غریب عوام کی بہتری کے لئے لڑرہا ہے۔ایک وہ ہے جو مافیاؤں کی سرپرستی کے لئے انتخابی میدان میں ہے اور ایک وہ ہے جو مافیاؤں کے خاتمے کے لئے ووٹ کی اپیل کررہا ہے۔اس کا فیصلہ آپ کے ذریعہ کیا جانا ہے۔شاہ نے کہا کہ’یہ الیکشن کسی ایک شخص کو وزیر یا ایم ایل اے بنانے کے لئے نہیں ہے۔یہ الیکشن یوپی کا مستقبل بنانے اور اسے آگے بڑھانے کا ہے۔یہ الیکشن یوپی کی ترقی کے راستے کو ہموار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 7سالوں میں بی جے پی نے یوپی کو پورے طور سے تبدیل کردیا اور ریاست کو ترقی کے راستے پر گامزن کیا ہے۔شاہ نے کہا’گذشتہ پانچ سالوں میں 3400 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کام باغپت میں کئے گئے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست میں گنگا ایکسپریس وے، بندیل کھنڈ ہائی وے اور ہریانہ ۔باغپت کو جوڑنے والا پل سمیت انفراسٹرکچر کا جال بن دیا ہے۔شاہ نے کہا کہ سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کو یہ بات کان کھول کر سننی چاہئے کہ گذشتہ 70سالوں سے یوپی کے 1.82کروڑ گھروں میں بجلی نہیں پہنچی تھی۔مودی جی نے ان گھروں کو بجلی فراہم کی ہے۔انہوں نے دو کروڑ افراد کو بیت الخلاء،42لاکھ غریبوں کو گھر اور 1.80کروڑ سے زیادہ خواتین کو گیس سلنڈر فراہم کئے ہیں۔

Related Articles