یہ الیکشن بھائی چارہ بمقابلہ بی جے پی ہے:اکھلیش
شاملی:فروری۔ سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے بدھ کو کہا کہ اترپردیش کا موجود اسمبلی انتخابات بھائی چارہ بمقابلہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) ہونگے۔ بی جے پی لوگوں کو ڈرا کر الیکشن جیتنا چاہتی ہے جو اب ممکن نہیں ہے وہیں آر ایل ڈی سربراہ جینت چودھری نے ’جناح ہارے گا۔ گنا جیتے گا‘کا نعرہ دیا۔راشٹریہ لوک دل(آر ایل ڈی) کے صدر جینت چودھری کے ساتھ شاملی میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نےکہا’یہ الیکشن بھائی چارہ بمقابلہ بی جے پی ہے۔اب عوام منفی سیاست کو خیرآبا دکہنا چاہ رہے ہیں۔وہ منفی ذہن کے ساتھ منفی سیاست کرنے والوں کو بے دخل کرنا چاہتے ہیں۔ایس پی سربراہ نے کہا کہ عوام کے ذریعہ جس طرح سے بی جے پی اور بی جے پی کے لیڈروں کو رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے اس طرح سے کسی دوسرے لیڈر کو بے عزت نہیں ہونا پڑا ہے۔متعدد مقامات سے ایسی رپورٹیں موصول ہورہی ہیں کہ بی جے پی لیڈر کو فلاں مقام پر عوام کی ناراضگی و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔منگل کو پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے عام بجٹ پر اکھلیش نے طنز کستے ہوئے کہا’بی جے پی کے لوگ اس بجٹ کا ’امرت کال‘کا بجٹ قرار دے رہے ہیں۔وہ لوگ اسے امرت بجٹ قرار دے رہے ہیں۔کیا سابقہ بجٹ زہر تھے؟بی جے پی کے لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے لفظوں سے کھیل کر عوام کو گمراہ کر لے جائیں گے۔اکھلیش نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بجٹ میں ہیروں کو سستا کیا ہے۔یہ غریب کے لئے کس طرح سے نفع بخش ہوسکتا ہے؟انہوں نے چپلوں کی قیمتوں میں تخفیف کی ہے حقیقت میں عوام کی چپلیں چل چل کر گھس گئیں لیکن بی جے پی حکومت ان کے کسی بھی مسئلہ کو حل نہیں کرسکی۔ایس پی سربراہ نے ایک بار پھر اپنے 300یونٹ مفت بجلی،پرانی پنشن نظام کی بحالی، کسانوں کو مفت بجلی کے وعدے کو دہرایا اور کہا کہ ہم کسانوں کے بقایہ جات کی ادائیگی کے لئے ’کسان کارپس فنڈ‘بنائیں گے ۔اکھلیش نے اعلان کیا کہ بہتر ٹرانسپورٹ کے لئے لکھنؤ اور کیرانہ۔ شاملی کے درمیان نیا ایکسپریس وے بنایا جائے گا۔ایٹھلیٹس کو فروغ دینے کے لئے اگر ضرورت پڑی تو ہم گاؤں کے سطح پر’رننگ ٹریک‘بھی بنائیں گے۔اکھلیش نے کہا کہ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ استعمال کی جارہی زبان کا الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہئے۔ایسی زبان کا استعمال ایک وزیر اعلی کو زیب نہیں دیتا ہے۔وہ ناراض ہیں کیونکہ وہ جہاں سے ٹکٹ چاہ رہے تھے وہاں سے ان کو ٹکٹ نہیں مل سکا۔وزیر اعظم و پارٹی نے انہیں واپس ان کے گھر بھیج دیا۔ حقیقت تو یہ ہے کہ وہ بی جے پی کے ممبر بھی نہیں ہیں۔اس موقع پر جینت چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ جناح، اونگ زیب اور پاکستان کے نام پر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں انہیں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا۔ہمارا نعرہ ہے’جناح ہارے گا ۔گنا جیتے گا‘۔ہم نے عملی اور مثبت تبدیلی کے لئے اتحاد کیا ہےے۔جینت نے کہا کہ مرکزی عام بجٹ میں کسانوں، نوجوانوں اور روزگار کے نئے مواقع کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔انہوں نے منریگا کے بجٹ کو بھی کم کردیا ہے۔