آرچر کی میگا آئی پی ایل نیلامی میں واپسی
2023 سیزن سے کھیلنے کے لئے دستیاب ہوں گے
ممبئی، فروری۔ انگلینڈ کے تیز گیند باز جوفرا آرچر نے آئی پی ایل 2022 کی میگا نیلامی میں واپسی کی ہے۔ کرک بز کے مطابق، آرچر نے بنگلورو میں 12 اور 13 فروری کو ہونے والی میگا نیلامی کے لیے اپنا نام درج کرایا ہے، جس کی تصدیق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے منگل کو فرنچائزز سے کی۔ آرچر نے خود کی بنیادی قیمت 2 کروڑ روپے رکھی ہے۔ تاہم، بی سی سی آئی نے تمام فرنچائزز پر واضح کر دیا ہے کہ اس سال کے آئی پی ایل میں 26 سالہ تیز گیند باز کی شرکت ان کی موجودہ انجری کی حالت کو دیکھتے ہوئے مشکوک ہے۔ ان کا نام نیلامی میں اس لیے شامل کیا گیا ہے کیونکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بی سی سی آئی کو مطلع کیا ہے کہ ان کا 2023 اور 2024 کے سیزن میں کھیلنا یقینی ہے۔ بی سی سی آئی نے آئی پی ایل فرنچائزز کو 44 نئے ناموں کی فہرست فراہم کرانے کے لیے ایک خط لکھا ہے، جنہیں فرنچائزیوں کی درخواست پر نیلامی رجسٹر میں شامل کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے کہا، ای سی بی نے 2023 اور 2024 میں ممکنہ شرکت کے پیش نظر آرچر کو نیلامی کے لیے رجسٹر کیا ہے، کیونکہ ان کی موجودہ چوٹ کی وجہ سے آئی پی ایل 2022 میں شرکت کا امکان نہیں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ نیلامی رجسٹر کو 1214 کھلاڑیوں کی اصل فہرست سے کم کر کے 590 کر دیا گیا ہے جسے 22 جنوری کو مرتب کر کے تقسیم کیا گیا تھا۔ رجسٹر میں شامل کیے گئے آرچر انگلینڈ کے واحد کھلاڑی ہیں۔ اس میں ایک اور قابل ذکر نام آسٹریلیا کے تجربہ کار بلے باز عثمان خواجہ کا ہے۔ سڈنی میں حالیہ ایشز ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے خواجہ نے ابتدائی طور پر اندراج نہیں کرایاتھا۔ اس کی بنیادی قیمت 1.5 کروڑ روپے ہے۔ آرچر اور خواجہ کے علاوہ 44 نئے آنے والوں کی نئی فہرست میں افغانستان کا ایک، آسٹریلیا سے پانچ، ہندوستان کے 11، آئرلینڈ کے دو، نیوزی لینڈ کے چھ، اسکاٹ لینڈ کے دو، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے چار اور جنوبی افریقہ کے سات کھلاڑی شامل ہیں، اس میں اینڈلے فیہلکوایو بھی شامل ہیں، جس نے ہندوستان کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ایک روزہ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ حیران کن طور پر ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرس گیل کا نام بھی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں نہیں ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ کچھ فرنچائزیوں، جن کے لئے گیل پہلے کھیل چکے ہیں، نے انہیں نیلامی میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی۔ حالانکہ گیل نے اس سال آئی پی ایل سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران بین اسٹوکس اور مچل اسٹارک کو بھی واپس بلانے کی درخواست کی گئی تھی، لیکن اس میں بھی کوئی کامیابی نہیں ملی۔