آسٹریلین اوپن میں کامیابی؛ نڈال 21 گرینڈ سلیم جیتنے والے پہلے کھلاڑی
میلبورن،جنوری۔اسپین کے رافیل نڈال نے سخت مقابلے کے بعد روس کے ڈینئل میڈویڈیف کو شکست دے کر دوسری مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی رافیل نڈال مینز ٹینس میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئیہیں۔اس فائنل سے قبل نڈال کے علاوہ سوئٹزرلینڈ کے راجرر فیڈرر اور سربیا کینوواک جوکووچ نے 20، 20 گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کر رکھے تھے۔ لیکن میلبرن میں کھیلے جانے والے فائنل میں انہوں نے روسی کھلاڑی کو پانچ سیٹس میں ہرا کر 21واں گرینڈ سلیم جیت لیا۔یہ رافیل نڈال کا دوسرا آسٹریلین اوپن ٹائٹل ہے اس سے قبل انہوں نے آخری مرتبہ 2009 میں یہ ایونٹ اپنے نام کیا تھا،۔13 سال کے وقفے کے بعد یہ ٹائٹل جیت کر وہ ان کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے جنہوں نے ہر گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ دو بار جیتا۔ان کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے روڈ لیور اور روئے ایمرسن کے ساتھ ساتھ سربیا کے نواک جوکووچ شامل ہیں۔ جوکووچ کو رواں ماہ آسٹریلوی حکومت نے ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے ملک بدر کر دیا تھا۔
پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والا سخت مقابلہ:میلبرن میں کھیلے گئے فائنل میچ میں دونوں کھلاڑیوں نے شان دار کھیل پیش کیا۔ ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ سیکنڈ سیڈ میڈویڈیف باآسانی میچ جیت جائیں گے، لیکن سکستھ سیڈ رافیل نڈال اتنی آسانی سے ہتھیار ڈالنے کے موڈ میں نہیں تھے۔پہلے سیٹ میں میڈویڈیف نے اپنے تجربہ کار حریف کو دو کے مقابلے میں چھ گیمز سے شکست دی تو دوسرے کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہوا جس میں پانچ کے مقابلے میں سات گیمز سے روسی کھلاڑی نے کامیابی حاصل کی۔35 سالہ نڈال نے اپنے سے 10 برس کم عمر کے حریف کو باقی تینوں سیٹ میں زیر کرکے 13سال بعد آسٹریلین اوپن کا تاج اپنے سر پر سجایا۔
رافیل نڈال، 21 گرینڈ سلیم جیتنے والے پہلے کھلاڑی:سن 2005 کا فرینچ اوپن جیت کر اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے رافیل نڈال نے گزشتہ 17 سالوں میں 21 گرینڈ سلیم جیتے ہیں۔ ڈینئل میڈویڈیف کو ہرا کر انہوں نے اپنے کریئر کا 21واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔یوں 13 فرینچ اوپن، 4 یوایس اوپن اور دو دو مرتبہ ومبلڈن اور آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیت کر وہ مینز ٹینس میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس ایونٹ میں کامیابی کے بعد نہ صرف ان کی ٹینس رینکنگ بہتر ہو گی بلکہ اس سال فرینچ اوپن جیت کر وہ اپنے گرینڈ سلیم ٹائٹل کی تعداد بڑھانے کی بھی پوزیشن میں آجائیں گے۔