آسٹریلیا کا دورہ پاکستان طویل عرصے سے واجب الادا ہے: سابق کینگرو ٹیسٹ کرکٹر

سڈنی،جنوری۔سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر جیف لاسن کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کا طویل عرصے سے پاکستان کا دورہ واجب الادا ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر جیف لاسن کا کہنا ہے کہ ہیڈ لائن پڑھ کر اچھا لگا کہ مضبوط آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا نے 2019 کی ایشیز سیریز کے بعد بیرون ملک ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا، پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کا ایک بڑا ملک ہے اور آسٹریلیا نے 24 برسوں سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔سابق آسٹریلوی کرکٹر نے مزید کہا کہ مجھے پاکستان ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے 2 سال پاکستان میں رہنے کا موقع ملا، پاکستان میں آسٹریلیا کو بہت پذیرائی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل اور دیگر سیریز کے ساتھ پاکستان میں کرکٹ واپس آ چکی ہے، آسٹریلیا کو ہار جیت کا سوچے بغیر پاکستان میں کرکٹ کھیلنی چاہیے۔خیال رہے کہ آسٹریلیا نے رواں برس مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔

Related Articles