اداکارہ سونیانافوزدار نے فلم انڈسٹری میں آنے کی وجہ بتادی

ممبئی ،جنوری ۔اداکارہ سونیانافوزدار نے اپنے ایکٹنگ کرئیر کے متعلق پہلی بار کھل کر بتا دیا اور کہا کہ میں نے اداکاری پیسوں کے لیے شروع کی تھی لیکن مجھے بعد میں اداکاری سے پیار ہوگیا۔سونیانافوزدار نے چند ساؤتھ انڈین فلموں میں بھی کام کیا ، انھوں نے بتایا کہ ’’میں نے اپنے کالج کے دنوں میں ماڈلنگ شروع کر دی تھی،اس کے بعد میں نے کچھ فلموں میں کام کیا تھا جس کے بعد ٹیلی ویڑن پر کام کیا ، ان دنوں میرا دھیان ایکٹنگ سے زیادہ پیسے کمانے پر تھا کیونکہ مجھے پیسوں کی ضرورت تھی،لیکن مجھے بعد میں احساس ہوا کہ مجھے ایکٹنگ سے پیار ہے، یہی وہ کا م ہے جو میں کرنا چاہتی تھی اور میں اپنے پیار کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہوں،اس طرح میں نے اپنے اندر ایکٹنگ کے لیے پیار کو تلاش کیا‘‘۔انڈسٹری میں کی گئی جدوجہد سے متعلق اداکارہ بتاتی ہے کہ ’’اس تمام جدوجہد کے دوران مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنا حوصلہ نہیں چھوڑا،کالج کے دنوں میں کام شروع کرنا بہت مشکل تھا،کیونکہ میں اپنی دوستوں کے ساتھ وقت نہیں گزار سکتی تھی ، ان کے ساتھ باہر نہیں جا سکتی تھی، اگر میں کلاس چھوڑتی تھی تو وہ بھی شوٹنگ کے لیے نہ کہ دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے کلاس چھوڑتی تھی‘‘۔ اداکارہ بتاتی ہے کہ ’’آپ کو ہمیشہ مسترد ہونے کے لیے تیار رہنا پڑتا ہے ، میں بھی کئی مرتبہ مسترد ہوئی لیکن مجھے محسوس ہوتا ہے کہ یوں مسترد ہونا مجھے مزید محنت کے لیے تیار کرتا تھا۔میں نے لوگوں کے ان تمام خیالات کو غلط ثابت کر دیا جو لوگ میرے لیے سوچتے تھے۔مجھے لگتا ہے کہ انڈسٹری آپ کو مضبوط بناتی ہیں‘‘۔یادرہے کہ سونیانا نے 2016ء میں ایک بزنس مین کنال بھاوانی سے شادی کی اور وہ اپنی نجی زندگی کو سب کے سامنے زیادہ نہیں لاتی تاہم اس بارے میں اداکارہ کہتی ہیں کہ ’’مجھے اپنی نجی زندگی کے متعلق بات کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن میں اپنی زندگی کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا پسند نہیں کرتی ، اس معاملے میں تھوڑی سی شرمیلی ہوں ، اپنے شوہر کے ساتھ اپنی پیار بھری تصویریں سوشل میڈیا پر اپلوڈ نہیں کرنا چاہتی۔ان کاکہناتھاکہ میرے شوہر میرے لیے بہت خوش قسمت ہے، ان سے شادی کے بعد مجھے اچھے کام ملنا شروع ہوگئے تھے۔

 

Related Articles