پاول کی خطرناک بلے بازی سے ویسٹ انڈیز کی انگلینڈ پر شاندار جیت

بارباڈوس، جنوری ۔آل راؤنڈر روومین پاول کی خطرناک بلے بازی (107) اور روماریو شیفرڈ (59 رن پر تین وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بدھ کے روز یہاں تیسرے ہائی اسکورنگ ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو 20 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو۔ایک سے برتری حاصل کر لی۔مہمان ٹیم انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی 5.2 اوورز میں 48 رنز پر دو وکٹیں گرنے تک انگلینڈ کے لئے سب کچھ ٹھیک تھا لیکن اس کا یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار بلے باز نکولس پورن اور روومین پاول نے زبردست واپسی کرتے ہوئے خطرناک بلے بازی اور تیسرے وکٹ کے لئے 122 رن کی شراکت قائم کرتے ہوئے 224 رن کا ہمالیائی اسکور بنا دیا۔جواب میں انگلینڈ نے بھی جیتنے کی پوری کوشش کی لیکن وہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز ہی بنا سکی اور 20 رن سے ہار گئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے پاول نے 53 گیندوں میں چار چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 107 رنز بنائے اور پورن نے 43 گیندوں میں چار چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔ پاول کو ان کی میچ وننگ سنچری کے لیے ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیندبازی میں دائیں ہاتھ کے تیزگیندباز روماریو شیفرڈ نے چار اوورز میں 59 رنز دے کر تین اور کپتان کیرون پولارڈ (چار اوورز میں 31 رن پر دوجبکہ شیلڈن کوٹریل، جیسن ہولڈر اور عقیل حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز ٹام بینٹن نے 39 گیندوں میں تین چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ وکٹ کیپر بلے باز فلپ سالٹ نے اپنے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو میں 24 گیندوں میں تین چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔ گیندبازی میں ریس ٹاپلے، جارج گارٹن، ٹائمل ملز، لیام لیونگسٹون اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔دونوں ٹیموں کے درمیان یہاں سیریز کا چوتھا میچ ہفتہ کے روزکھیلا جائے گا۔

 

Related Articles