سدا بہار کرکٹر دھونی 40 کی دہائی تک کھیل سکتےہیں : واٹسن

نئی دہلی ،آسٹریلیا کے سرکردہ کھلاڑی اور چنئی سپر کنگز کے اوپنر شین واٹسن نے دعوا کیا ہے کہ ہندستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اور چنئی سپر کنگز کے موجودہ کپتان مہندر سنگھ دھونی اپنی عمر کی 40 کی دہائی تک کرکٹ کھیلتے رہیں گے ۔یہ انتخاب دھونی کا ہوگا کہ وہ آئی پی ایل کھیلیں گے یا انٹر نیشنل کرکٹ۔
چنئی سپر کنگز کے کپتان ایم ایس دھونی ایک طرف آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن میں شرکت کے لئے زور وشور سے تیاری کر رہے ہیں اور دوسری طرف ان کے کرکٹ کیریئر کے بارے میں طرح طرح کی باتیں کی جارہی ہیں۔ سی ایس کے ٹیم کے سی ای او نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ 2022 تک یقینی طور پر کھیلیں گے ، جبکہ اب دھونی کے ساتھی کھلاڑی اور ٹیم کے اوپنر شین واٹسن نے بتایا ہے کہ دھونی کب تک کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔
ایم ایس دھونی کی عمر 39 سال ہے لیکن شین واٹسن کا خیال ہے کہ ان کے لئے یہ صرف ایک ہندسہ ہے۔ واٹسن کو امید ہے کہ وہ 40 کی دہائی میں بھی کھیل سکتے ہیں۔ ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد سے دھونی کرکٹ کے میدان سے دور ہیں اور وہ 19 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں کے میدان میں نظر آئیں گے۔
واٹسن نے ایک انگریزی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے دھونی کو سدا بہار کرکٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے چند سالوں میں سی ایس کے کپتان کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے لیکن وہ آئی پی ایل کھیلیں گے یا انٹرنیشنل کرکٹ، یہ دھونی کا انتخاب ہے۔شین واٹسن نے کہا کہ وہ اب بھی کھیلنا پسند کرتے ہیں اور سدا بہار کرکٹر ہیں۔ وہ یہ نہیں سوچتے کہ وہ اس دور کے ہیں۔وہ اپنے جسم کو سنبھالنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ جس طرح سے وہ رنز بنانے میں مستقل طور پر اہل ہیں اور اسٹمپ کے پیچھے ان کی مہارت ناقابل یقین ہے۔ میں ایم ایس کا ایک بہت بڑا پرستار ہوں اور ان کو مستقل طور پر کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں چاہے وہ سی ایس کے کے لئے ہو یا ہندوستان کے لئے۔
آئی پی ایل 2020 تماشائیوں کے بغیر منعقد کیا جائے گا اور اس پر واٹسن نے کہا کہ یہ کھلاڑیوں کے لئے ایک چیلنج ہوگا کیونکہ کوئی بھی کھلاڑی اپنے اچھے کھیل کی داد چاہتا ہے۔ جب ناظرین چئیر کرتے ہیں تو کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی پچ پر انہوں نے کہا کہ وہاں کی وکٹ سست ہوگی اور اسپنرز کی مدد کرے گی۔ ہماری ٹیم میں اچھے اسپنر موجود ہیں اور ہم اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔

Related Articles