اسرائیلی وزیر خارجہ اور فلسطینی ذمے دار کے درمیان پہلی ملاقات
رامللہ/تل ابیب،جنوری۔اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپڈ نے اتوار کی شام فلسطینی اتھارٹی کے وزیر برائے شہری امور حسین الشیخ سے ملاقات کی۔ یہ اسرائیلی وزیر اور کسی فلسطینی عہدے دار کے بیچ پہلی سرکاری اعلانیہ ملاقات ہے۔اس حوالے سے حسین الشیخ نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ "اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپڈ کے ساتھ ملاقات میں ہم نے کئی سیاسی معاملات اور دو طرفہ مسائل پر بحث کی”۔ البتہ حسین نے یہ نہیں بتایا کہ یہ ملاقات کہاں ہوئی۔فلسطینی صدر محمود عباس نے دسمبر کے اواخر میں اسرائیل کے دورے میں وزیر دفاع بینی گینٹز سے ملاقات کی تھی۔ سال 2010ء کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب 86 سالہ محمود عباس نے کسی اسرائیلی ذمے دار کے ساتھ سرکاری ملاقات کے لیے اسرائیل کا دورہ کیا۔گذشتہ برس جون میں نفتالی بینیٹ کے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد بینی گینٹز سمیت کئی اسرائیلی وزراء رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر دفتر میں محمود عباس سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔فلسطینی وزیر نے اتوار کی شام ہونے والی ملاقات کے حوالے سے مزید بتایا کہ انہوں نے یائر لیپڈ کو باور کرایا کہ فریقین کے بیچ سیاسی افق کا وجود ضروری ہے جس میں بین الاقوامی قوانین پر توجہ مرکوز ہو۔ ان کا اشارہ خاص طور پر اسرائیلی فلسطینی تنازع کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی جانب تھا۔محمود عباس کے دورے کے بعد اسرائیل نے فسلطینی اتھارٹی کے ساتھ "اعتماد کی فضا” قائم کرنے کے واسطے سلسلہ وار اقدامات کیے۔