عالمی توانائی سکیورٹی کے تحفظ کے ساتھ مملکت پائیداری کی سپورٹ کرتا ہے: الجدعان
ریاض،جنوری۔سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ جی 20 میں شامل ممالک عالمی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں- مستقبل کی امنگیں پوری کرنے کے لیے اقتصادی وسائل کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہو گا- ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز ڈیوس میں اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا-الجدعان نے اکنامک فورم میں ’مستقبل کے لیے تیاری‘ کے موضوع پر مکالمہ پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ڈھانچوں میں کی گئی اصلاحات کے بل پر دنیا بھر کے ممالک موجودہ اخراجات کے بجٹ پورے نہیں کرسکتے- اصلاحات سے اس میں بالکل مدد نہیں ملے گی- الجدعان نے کہا کہ تمام حکومتوں کو عالمی بحرانوں سے نمٹنے اور مستقبل کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے سپیشل بجٹ مختص کرنا ہوں گے-وزیر خزانہ نے کہا کہ جی 20 نے کم آمدنی والے ممالک کو ہنگامی امداد فراہم کی- وبا سے نمٹنے کے لیے ویکسینیں تیزی سے تیار کرلی گئیں- یہ بڑی کامیابی ہے- ماضی کے صحت بحرانوں کے مقابلے میں کورونا وبا سے نمٹنے میں تیزی دکھائی گئی- اس سے قبل کسی بھی وبا سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی تیاری میں دس سال تک لگ جاتے تھے-محمد الجدعان نے مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ پیش کیا- انہوں نے کہا کہ ہمیں آئندہ 30 برس کے دوران بحرانوں سے نمٹنے کے لیے ضرورت مند ملکوں کو آمدنی کے وسائل بہتر بنانے میں مدد دینا ہوگی-الجدعان نے توجہ دلائی کہ موسمی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے جی 20 مستقبل میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچنے کے طریقہ کار پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے- غیر سرکاری اداروں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت چل رہی ہے- الجدعان نے توجہ دلائی کہ اب بھی دنیا بھر میں 800 ملین افراد بجلی کی سہولت سے محروم ہیں- ماحول دوست توانائی کے سرچشموں پر غور وخوض کرنا ہوگا-