کرونا نے خامنہ ای کے سینیئر فوجی مشیر کی جان لے لی

تہران،۴؍ستمبر,یران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے سینیئر فوجی مشیر، جو ایرانی افواج کے چیف آف سٹاف بھی رہے، جمعے کو انتقال کر گئے ہیں۔ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق حسن فیروز آبادی جن کی عمر 70 سال تھی، سنہ 1989 سے 2016 تک ایران میں سب سے سینیئر فوجی اتھارٹی تھے۔ارنا نے اس بیماری کی تفصیلات نہیں بتائی جس سے ان کی ہلاکت ہوئی ہے لیکن ایران کی مقامی خبر ایجنسیوں جن میں ایسنا اور فارس بھی شامل ہیں، کا کہنا ہے کہ ان کی موت کرونا وائرس کی وجہ سے ہوئی ہے۔خیال رہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے حسن فیروز آبادی پر ’انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں‘ کی وجہ سے پابندیاں عائد کر رکھی تھیں۔گذشتہ ہفتے ایران جو مشرق وسطیٰ میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے، میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 709 تھی۔ایران میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 30 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ کیسز کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

Related Articles