امتحان میں کٹ آف ڈیٹ کو تبدیل کرنا غلط: رگھوور داس

رانچی، جنوری ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی نائب صدر اور ریاست کے سابق وزیراعلی رگھوور داس نے کہاکہ جھارکھنڈ میں موجودہ جے ایم ایم۔کانگریس حکومت نے ریاست میں تقرریوں کے سلسلہ میں ماضی میں جاری کئے گئے اشتہارات کو منسوخ کردیا ہے، جن کے سلسلہ میں انتخاب کا عمل مکمل بھی کرلیا گیا تھا، اور نئے قواعد وغیرہ بناکر نئے سے تقرریاں کرنے کے لئے اشتہارجاری کردیا ہے۔مسٹر داس نے آج کہا کہ نئے اشتہارات میں عمر کی حد سے متعلق کٹ آف ڈیٹ کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ اس کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں امیدوار امتحان دینے سے محروم ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کی مدت کار میں یہ مانتے ہوئے کہ ریاست کے قیام کے بعد کئی برسوں تک مختلف عہدوں پر تقرریاں نہیں کی جاسکی تھیں، زیادہ سے زیادہ نوجوان امیدواروں کو امتحان میں شامل کرنے کے مقصد سے 2010یا 2016کو کٹ آف ڈیٹ مقرر کیا گیا تھا۔ اسی کٹ آف ڈیٹ کی بنیاد پر 2019تک اشتہار نکالے گئے جس میں امیدوار شامل بھی ہوئے اور کئی معاملات میں کامیاب بھی ہوئے لیکن اب حکومت نے کٹ آف ڈیٹ کو تبدیل کرکے 2021کردیا ہے جس سے بڑی تعداد میں امیدوار انتخاب کے عمل سے باہر ہوگئے ہیں۔مسٹر داس نے کہاکہ جے ایم ایم کانگریس کی حکومت نے ریاست کے نوجوانوں سے ملازمت دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اب ملازمت دینا تو دور ان کو انتخاب کے عمل سے بھی باہر کردینے کا کام کیا جارہاہے تاکہ اپنے دل کے مطابق اور فائدے کے لئے تقرریاں کی جاسکیں۔ عوام میں یہ عام سوچ بنی ہوئی ہے کہ ریاست کا پورا نظام بدعنوانی، لین دین اور دل چاہی تقرریاں فروخت کرنے کا کام کررہا ہے۔ مقامی پالیسی میں ہماری حکومت نے مقامی امیدواروں کو ترجیح دینے کا کام کیا تھا۔ اسے بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ اس سے متعلق کئی معاملات عدالت میں بھی چل رہے ہیں۔مسٹر داس نے کہاکہ ریاستی حکومت کے تمام اشتہارات میں یہ بھی واضح کردیا گیا ہے کہ تمام تقرریاں رمیش ہانسدی کے معاملے میں ہونے والے فیصلے سے متاثر ہوں گی۔ ظاہر ہے کہ رمیش ہانسدی کے معاملے میں عدالت یہ تبصرہ بھی کیا ہے کہ ریاست کی طرف سے بنائے گئے رولز غیرآئینی ہیں۔ ایسے میں تقرریوں پر اشتہار جاری کرکے اور تقرریوں کے عمل کو شروع کرکے ریاستی حکومت جھارکھنڈ کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے اور انکی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا کام کررہی ہے۔ عدالت سے رولز منسوخ ہوجائیں گے تو تقرریاں خودبخود ہی منسوخ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ریاستی حکومت کا ارادہ یہی ہے کہ تقرریوں کے معاملے کو الجھا کر لٹکا کر، بھٹکا کر رکھاجا ئے۔ نوجوان دھوکے میں رہیں اور جے ایم ایم۔کانگریس حکومت اپنا لوٹنے کا نظام چلاکر اپنا گھر بھرتی رہے۔مسٹر داس نے کہاکہ وہ یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر بی جے پی کی حکومت ریاست میں آئے گی تو تمام امیدواروں کو، جو وقت پر امتحان نہیں ہونے کی وجہ سے اس سے محروم رہے ہیں، ان کو عمر کی حد کا فائدہ دیتے ہوئے ان کو انتخابی عمل میں ضرور موقع دیا جائے گا۔

Related Articles