مودی نے چھتر پور ضلع کی تعریف کی
بھوپال، جنوری ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ریاست وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی کے مطابق اہداف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔حیدرآباد سے مسٹر چوہان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ 112 خواہش مند اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ کے ساتھ وزیر اعظم مودی کی بات چیت میں شامل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ خواہش مند اضلاع کے لیے وزیر اعظم کی رہنمائی بہت متاثر کن اور مفید ہے۔ انہوں نے آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر پسماندہ اور محروم علاقوں کو ترقی کی راہ پر لانے کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔بات چیت کے ذریعہ ضلع مجسٹریٹ اور ڈویژنل کمشنروں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے مدھیہ پردیش کے چھتر پور ضلع کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ چھتر پور میں حاملہ خواتین کی رجسٹریشن 37 سے بڑھ کر 97 فیصد ہوگئی ہے۔ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ یہ کامیابی کیسے حاصل ہوئی یہ دوسرے اضلاع کے لیے سیکھنے کا معاملہ ہے۔ یہ انتظامی نظام کے لیے ایک نیا سبق ہے۔وزیر اعظم نے انتظامی افسران سے اضلاع میں سرکاری اسکیموں اور پروگراموں پر عملدرآمد کی پیش رفت اور موجودہ صورتحال کے بارے میں رائے لی۔ مسٹر مودی نے ضلع مجسٹریٹ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ عوامی شراکت کے ساتھ مختلف سرکاری اسکیموں کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلی چوہان کی قیادت میں ریاست میں زیادہ تر اسکیموں کو عوامی شراکت سے نافذ کیا جارہا ہے۔