بابراعظم ون ڈے اور ولیمسن آئی سی سی ٹسٹ ٹیم آف دی ایئر کے کپتان نامزد

دبئی، جنوری ۔پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کو 2021 کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مردوں کی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر ٹیم اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو ٹسٹ ٹیم کا سال کا بہترین کپتان نامزد کیا گیا ہے۔جمعرات کو آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ 2021 کے لیے مردوں کے آئی سی سی ون ڈے اسکواڈ میں پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے کھلاڑی شامل ہیں جبکہ ٹسٹ اسکواڈ میں ہندوستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، سری لنکا اور پاکستان کے کھلاڑی شامل ہیں۔ ون ڈے ٹیم میں کپتان بابر اعظم سمیت پاکستان کے دو، بنگلہ دیش کے تین، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور آئرلینڈ کے دو دو کھلاڑی شامل ہیں۔ ساتھ ہی ٹسٹ ٹیم میں تین ہندوستانی، تین پاکستانی، دو نیوزی لینڈ کے اور انگلینڈ، آسٹریلیا اور سری لنکا کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔ون ڈے فارمیٹ میں شاندار کارکردگی پر بابر اعظم کو 2021 میں ون ڈے ٹیم جبکہ کین ولیمسن کو ٹسٹ فارمیٹ میں شاندار کارکردگی پر ٹسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ بابر نے چھ ایک روزہ میچوں میں 67.50 کی اوسط سے 405 رنز بنائے۔ دوسری جانب ولیمسن نے کئی اچھی اننگز کھیلی، جس میں پہلی ورلڈ ٹسٹ چیمپئن شپ ( ڈبلیو ٹی سی ) ٹائٹل جیتنے میں مدد کرنا بھی شامل ہے، جس کے لیے انہیں ٹسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے چارٹسٹ میچوں میں 65.8 کی اوسط سے 395 رنز بنائے جس میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔ہندوستانی کھلاڑی روہت شرما، رشبھ پنت اور روی چندرن اشون کو بھی عمدہ کارکردگی کی بنا پر ٹسٹ ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ روہت نے 2021 میں ٹسٹ میں 47.68 کی اوسط سے 906 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پنت نے 12 میچوں میں 39.36 کی اوسط سے 748 رنز بنائے اور وکٹ کے پیچھے انہوں نے 23 اننگز میں 39 بار بلے بازوں کو اسٹمپ/کیچ کیا۔ اشون کابھی 2021 کا سال شاندار رہا۔ انہوں نے نو میچوں میں 16.64 کی اوسط سے 54 وکٹیں حاصل کیں۔آئی سی سی مینز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر: بابر اعظم (کپتان، پاکستان)، پال اسٹرلنگ (آئرلینڈ)، ینیمن ملان (جنوبی افریقہ)، فخر زمان (پاکستان)، رئیسی وینڈیئر ڈیوسن (جنوبی افریقہ)، شکیب الحسن (بنگلہ دیش) ، مشفق الرحیم (وکٹ کیپر، بنگلہ دیش)، ونندو ہسرنگا (سری لنکا)، مستفیض الرحمان (بنگلہ دیش)، سمی سنگھ (آئرلینڈ)، دشمنتا چمیرا (سری لنکا)۔آئی سی سی مینز ٹسٹ ٹیم آف دی ایئر: کین ولیمسن (کپتان، نیوزی لینڈ)، روہت شرما (ہندوستان)، مارنس لیبا شائن (آسٹریلیا)، جو روٹ (انگلینڈ)، فواد عالم (پاکستان)، رشبھ پنت ( ہندوستان)، روی چندرن اشون ( ہندوستان)، کائل جیمیسن ( نیوزی لینڈ)، حسن علی (پاکستان)، شاہین آفریدی (پاکستان)۔

Related Articles