گوا میں امت پالیکر ہوں گے ’آپ ‘ کا وزیراعلی چہرہ
نئی دہلی، جنوری۔عام آدمی پارٹی نے گوا میں امت پالیکر کو پارٹی کا وزیر اعلیٰ چہرہ قرار دیا ہے۔آپ کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو گوا کے ڈوناپولا میں ایک رسمی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گوا تبدیلی چاہتا ہے۔ اب تک گوا کے پاس متبادل نہیں تھا، لیکن اب عام آدمی پارٹی ایک متبادل ہے۔ ہم نے کہا تھا کہ بھنڈاری سماج سے وزیر اعلیٰ کا چہرہ دیں گے، تب کچھ لوگوں نے ہم پر ذات پات کی سیاست کرنے کا الزام لگایا، لیکن ہم ذات پات کی سیاست نہیں کر رہے، لیکن جن پارٹیوں نے آج تک ذات پات کی سیاست کی، ہم اسے ختم کر رہے ہیں۔ بھنڈاری برادری کے زیادہ تر لوگ گوا میں رہتے ہیں۔ اس کے باوجود گزشتہ 60 سالوں میں صرف ایک بار اس سماج سے کوئی ڈھائی سال کے لیے وزیر اعلیٰ بنا۔ انہوں نے کہا کہ امیت پالیکر نے ہر مذہب اور ذات کے لوگوں کی خدمت کی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ گوا کو اس سے بہتروزیراعلی کا چہرہ نہیں مل سکتا۔انہوں نے کہا کہ گوا کے عوام موجودہ پارٹیوں اور لیڈروں سے تنگ آچکے ہیں۔ ان کے پاس کوئی متبادل نہیں ہے۔ کچھ لیڈر ایسے ہیں، جو پوری سیاست پر قابض ہیں۔ پیسے سے طاقت اور طاقت سے پیسہ ۔ جب وہ اقتدار میں آتے ہیں تو بہت پیسہ کماتے ہیں اور پھر اسی پیسے سے اقتدار میں آتے ہیں۔ اسے بدلنا ہے ۔ گوا تبدیلی چاہتا ہے، اب تک گوا کے پاس متبادل نہیں تھے۔ لیکن اب گوا کے لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح دہلی کے اندر ایک نئی پارٹی آئی اور اس نے دہلی میں بڑے کام کئے۔ اس دوران میں گوا کے ہر کونے میں گیا ہوں۔ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ گوا کے کسی بھی کونے میں جا کر غریب ترین غریب لوگوں سے بات کریں، وہ بھی یہی کہیں گے کہ ہاں، عام آدمی پارٹی نے دہلی میں بہت اچھے اسکول اور اسپتال بنائے ہیں اور بجلی مفت دی ہے۔ یہ تین چیزیں گوا کے ہر کونے میں ہر آدمی تک پہنچ چکی ہے۔آپ کنوینر نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ایک نئی پارٹی ہے اور اس بار ہم ایسے بہت سے امیدواروں کو ٹکٹ دے رہے ہیں، جو نئے چہرے ہیں اور انہوں نے کبھی الیکشن نہیں لڑا ہے۔ یہ گوا کے عام لوگ ہیں، اس بار الیکشن لڑیں گے۔ عام آدمی پارٹی کے گوا کے وزیراعلی کا چہرہ بھی نیا چہرہ ہوگا۔ ہم نے آپ سے کہا تھا کہ ہم آپ کو ایک ایسا چہرہ دیں گے جس کا دل گوا میں رہتا ہے۔ جس کا دل گوا کے لیے دھڑکتا ہے اور جو گوا کے لیے اپنی جان دینے کو تیار ہے۔ ایک ایسا شخص جو گوا کے تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلے گا، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، چاہے وہ کسی بھی ذات سے تعلق رکھتے ہوں۔ خواہ وہ امیر ہوں، خواہ غریب ہوں، چاہے وہ شمالی گوا سے ہوں یا جنوبی گوا کے ہوں، چاہے وہ کسی بھی اسمبلی میں رہتے ہوں، وہ ہر طبقے کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلے گا۔ ایسا شخص جو پڑھا لکھا ہو گا، باتیں سمجھے گا، اسے کوئی بے وقوف نہیں بنا سکے گا۔ ایسا نہیں ہے کہ اچانک کسی کو گھر سے اٹھا لائے اور کہے کہ آج سے اچھا کام کریں گے ۔ جس شخص کو ہم اپنی پارٹی کا وزیراعلیٰ بنانے جا رہے ہیں، اس شخص نے اب تک اپنی زندگی میں سماج کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔ وہ تمام لوگوں کو ساتھ لے کر گوا کی ترقی کے لیے کام کریں گے اور گوا کی سیاست پر غور کریں گے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ ایماندار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امت پالیکر پڑھے لکھے ہیں۔ انہوں نے معاشرے کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔ گوا کا ہر بچہ انہیں جانتا ہے۔ اس وقت انہوں نے کورونا کے دور میں بہت تعاون کیا ہے اور لوگوں کی بہت خدمت کی ہے۔ انہوں نے ہر ذات اور ہر مذہب کے لوگوں کی خدمت کی ہے۔ ابھی دسمبر کے مہینے میں، جب پرانے گوا میں عیسائی برادری کو ایک مسئلہ بہت زیادہ متاثر کرتا تھا، انہوں نے یہ نہیں دیکھا کہ لوگ کس ذات مذہب سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس مسئلہ پر انہوں نے بھوک ہڑتال کی۔ گوا کی وراثت کو بچانے کے لیے انہوں نے اپنی جان داؤ پر لگا دی۔ امت پالیکر ایک نیا چہرہ ہے اور اب تک انہوں نے کبھی سیاست نہیں کی۔ میرے خیال میں گوا کو آج اس سے بہتر وزیراعلی کا چہرہ نہیں مل سکتا۔ مجھے امید ہے کہ گوا کے لوگ عام آدمی پارٹی کو بھاری اکثریت دے کر امت پالیکر کو وزیر اعلیٰ بنائیں گے اور ہم مل کر ایک نیا گوا بنائیں گے۔