راجستھان میں شدید سردی جاری
جے پور، جنوری۔راجستھان میں سرد ہوا کی وجہ سے کڑاکے کی سردی جاری ہے۔ وہیں صبح کئی مقامات پر گھنے کہرے چھائے رہنے سے بھی لوگ پریشان رہے۔ریاست میں تین ڈگری سیلسیس کم ازکم درجہ حرارت کے ساتھ سیکر ریاست کا سرد ترین مقام رہا جب کہ دو دن پہلے لگاتار ہفتہ بھر تک کم ازکم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے والے ریاست کے پہاڑی اور سیاحتی مقام ماؤنٹ ابو میں پیر سے کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر آگیا۔ پیر کو وہاں چار ڈگری سیلسیس کم ازکم درجہ حرات درج کیا گیا۔ لیکن سرد ہواؤں کے سبب کڑاکے کی ٹھنڈ جاری رہی۔ ریاست میں متعدد مقامات پر صبح گھنا کہرا بھی چھایا رہا۔ جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئی۔ بعد میں دھوپ نکلنے سے لوگوں نے راحت محسوس کی۔اس کے علاوہ اجمیر میں کم از کم درجہ حرارت 5.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے چار ڈگری کم تھا۔ اسی طرح راجدھانی جے پور اور چورو میں کم از کم درجہ حرارت 6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو جے پور میں معمول سے دو ڈگری کم تھا، جب کہ گنگا نگر میں 6-6، الور میں 7، بھیلواڑہ میں 7، چتور گڑھ اور جودھپور میں 75 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جیسلمیر میں 9، جودھ پور میں کم سے کم درجہ حرارت 97 ڈگری سیلسیس اور کوٹا میں 9 9 ڈگری سیلسیس رہا۔ ریاست میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بیشتر مقامات پر معمول سے کم رہا۔ جے پور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے سات ڈگری سیلسیس کم ہے۔ اسی طرح کوٹا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے نو ڈگری کم تھا، جبکہ الور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 13.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے آٹھ ڈگری کم تھا۔ گنگا نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے چھ ڈگری کم ہے۔ ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت باڑمیر میں 25.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول کے مطابق تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دو تین کے بعد ایک بار پھر موسم میں تبدیلی کی وجہ سے ریاست کے کئی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ جس کی وجہ سے ریاست میں شدید سردی مزید چند دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے