انگلینڈ کے تیزگیندباز سونی بیکر انڈر 19 ورلڈ کپ سے باہر
لندن،جنوری ۔ انگلینڈ کے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے تیزگیندباز سانی بیکر آئی سی سی انڈر19 عالمی کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ انہیں پیٹھ میں چوٹ آئی ہے جس کے بعد انہیں عالمی کپ مہم بیچ میں ہی چھوڑ کر وطن واپس لوٹنا ہوگا۔ بیکر کی جگہ انگلینڈ انڈر19 ٹیم میں بین کلف کو شامل کیا گیا ہے ،کلف ریزرو کھلاڑی کے طور پر ٹیم کے ساتھ ہی تھے۔سامرسیٹ کے تیزگیندباز بیکر سے انگلینڈ کو کافی توقعات تھیں ایسا تصور کیا جارہاتھا کہ ویسٹ انڈیز میں وہ تیزگیندبازی کی سامنے سے قیادت کریں گے۔ لیکن وارم اپ میچ کے دوران انہیں پیٹھ میں تکلیف محسوس ہوئی تھی اور پھر ایم آر آئی اسکین میں پتہ چلا کہ ان کی ریڑھ کی ہڈی میں اسٹریس ہے۔ بیکر کی جگہ ٹیم میں شامل کئے گئے کلف یارک شائر کی طرف سے کھیلتے ہیں، دسمبر میں سری لنکا دورے پر کلف نے 23.25 کی اوسط سے چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اتوار کے روز انگلینڈ نے عالمی کپ مہم کا شاندار آغاز کیا تھا ، جب انہوں نے بنگلہ دیش کو صرف 97 رن پر سمیٹ دیا تھا۔