جیکولین فرنینڈس بالی ووڈ کے بڑے پراجیکٹس سے ہاتھ دھونے لگیں
ممبئی،جنوری۔ بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس منی لانڈرنگ کیس کی وجہ سے ایک کے بعد ایک بالی ووڈ کے بڑے پراجیکٹس سے ہاتھ دھوتی جارہی ہیں۔اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو کروڑوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث دھوکے باز شخص سکیش چندر شیکھر کے ساتھ تعلقات کی قیمت چکانی پڑرہی ہے۔جیکولین فرنینڈس ایک بار پھر سرخیوں کا حصہ بن گئی ہیں کیونکہ وہ مبینہ طور پر بالی ووڈ کے ایک اور بڑے پراجیکٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ میڈیا کے مطابق کچھ روز قبل جیکولین بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار اور پروڈیوسر اکی نینی ناگا ارجن کے ساتھ فلم ’’دی گھوسٹ‘‘ کا حصہ تھیں، تاہم اب وہ مزید اس فلم کا حصہ نہیں ہیں۔رپورٹس کے مطابق جیکولین سے قبل اداکارہ کاجل اگروال کو فلم میں کاسٹ کیا گیا تھا لیکن ان کے حاملہ ہونے کے بعد جیکولین فرنینڈس کو فلم میں شامل کرلیا گیا۔ تاہم اب خبریں آرہی ہیں کہ اداکارہ جیکولین فلم کا حصہ نہیں ہیں۔حالانکہ جیکولین کے فلم سے باہر ہونے کی اصل وجہ سامنے نہیں آئی ہے لیکن میڈیا میں کہا جارہا ہے کہ منی لانڈرنگ کے کیس کی وجہ سے ہی اداکارہ کو فلم سے باہر کیا گیا ہے اور اب فلمساز کسی دوسری ہیروئن کی تلاش میں ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جیکولین فرنینڈس کو منی لانڈرنگ کیس کی وجہ سے پون کلیان کی تیلگو فلم سے نکال دیا گیا تھا اور ان کی جگہ نرگس فخری کو کاسٹ کیا گیا تھا۔