تریپورہ پولیس نے فیلڈ ڈیوٹی اہلکاروں کے لیے موبائل بائیو ٹوائلٹ متعارف کرایا
اگرتلہ، جنوری۔تریپورہ پولیس نے پولیس ویک سیلیبریشن کے موقع پر شہر میں خاص طور پرٹریفک منیجمنٹ میں مصروف خواتین پولیس اہلکاروں کی سہولت کے لیے ہفتے کے روز موبائل بائیو ٹوائلٹ کا آغاز کیا ۔ پولیس حکام کے مطابق سو سے زائد خواتین پولیس عملہ روزانہ کم از کم چھ گھنٹے سے آؤٹ ڈور ڈیوٹی کررہا ہے، لیکن شہر کے وسط میں چند مقامات کے علاوہ ان کے پاس بیت الخلاء کا مناسب انتظام نہیں ہے ۔ احکا م نے کہا کہ نتیجتاً متعلقہ عملے کے علاوہ پولیس فورس کو مجموعی طور پر ڈیوٹی کی انجام دہی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کو بھی سڑکوں پر سکیورٹی ڈیوٹی کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، وی آئی پی پروگراموں اور دارالحکومت کے اطراف و اکناف میں خصوصی نقل و حرکت کے دوران مرد اہلکاروں کے لیے بھی بیت الخلاء کے مناسب انتظامات نہیں ہیں ، جس کی وجہ سے احکام کی جانب سے مرد اور خواتین عملے کے لیے الگ الگ موبائل بائیو ٹوائلٹ متعارف کرائے جا رہے ہیں ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس وی ایس یادو نے کہا کہ موبائل بائیو ٹوائلٹ کی ضرورت بہت پہلے محسوس کی گئی تھی لیکن اسے پورا نہیں کیا گیا ۔ تاہم محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے روڈ سیفٹی کے تحت مطلوبہ فنڈ منظور کیا گیا ۔ پولیس ریلیز میں کہا گیا کہ موبائل بائیو ٹوائلٹ وین کے اندر دو الگ الگ یونٹ ہیں – ایک مردوں کے استعمال کے لیے اور دوسرا خواتین کے استعمال کے لیے ہے ۔ گاڑی کے اندر ایک اوور ہیڈ واٹر ٹینک، ڈائجسٹر کے ساتھ بائیو ٹوائلٹ ٹینک ، واش بیسن، سٹینلیس سٹیل کموڈ، ایگزاسٹ فین ہے ۔ لائٹس اور پنکھے شمسی توانائی پر کام کریں گے ۔