میڈیکل کالجوں میں 66 فیصد سیٹیں گزشتہ سات برسوں میں جڑی ہیں:مودی
نئی دہلی/کولکاتہ، جنوری ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ ملک میں میڈیکل کالجوں میں آج تقریباً کل ڈیڑھ لاکھ سیٹوں میں 66 فیصد تعداد گزشتہ سات برسوں میں بڑھیں ہیں۔ وزیر اعظم مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کولکاتہ میں چترنجن نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ (سی این سی آئی) کے دوسرے کیمپس کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔مسٹرمودی نے کہا کہ 2014 تک ملک میں میڈیکل کی انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ تعلیم کے لیے سیٹوں کی تعداد تقریباً 90 ہزار تھی۔ پچھلے سات برسوں میں ان میں 60 ہزار (66 فیصد) نئی سیٹیں شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا، "2014 میں، ہمارے پاس صرف چھ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) ہوتے تھے۔ آج ملک 22 ایمس کے مضبوط نیٹ ورک کی طرف بڑھ رہا ہے۔سی این سی آئی کا دوسرا کیمپس 530 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کے لیے تقریباً 400 کروڑ روپے مرکزی حکومت نے گرانٹ دی ہے۔ یہ کمپلیکس 460 بستروں والا یونٹ ہے۔ یہ کیمپس کینسر کی تحقیق کی ایک جدید سہولت کے طور پر بھی کام کرے گا اور خاص طور پر ملک کے مشرقی اور شمال مشرقی حصوں سے تعلق رکھنے والے کینسر کے مریضوں کو جامع دیکھ بھال فراہم کرے گا۔اس پروگرام میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی موجود تھیں۔ملک بھر میں عام لوگوں تک صحت کی سہولیات کو وسعت دینے کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم ایک سستی اور جامع اسکیم کے طور پر آج دنیا کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔انہوں نے کہا کہ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت ملک بھرمیں دو کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ مریض، اسپتالوں میں اپنا مفت علاج کراچکے ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ کینسر کی بیماری ایسی ہے کہ غریب اور متوسط طبقہ اس کا نام سن کر ہمت ہار جاتا تھا۔ غریبوں کو اسی پریشانی سے باہر نکالنے کے لیے ملک سستے اور قابل رسائی علاج کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کینسر کی ضروری ادویات کی قیمتوں میں گزشتہ برسوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب تک حکومت کی طرف سے مغربی بنگال کو بھی کورونا ویکسین کی تقریباً 11 کروڑ خوراکیں مفت فراہم کی گئی ہیں۔ بنگال کو ڈیڑھ ہزار سے زیادہ وینٹی لیٹر، نو ہزار سے زیادہ نئے آکسیجن سلنڈر بھی دیے گئے ہیں۔ ریاست میں 49 نئے پی سی اے نئے آکسیجن پلانٹس بھی شروع کیے گئے ہیں۔کووڈ ویکسینیشن مہم میں پیش رفت کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ آج ہندوستان کی 90 فیصد سے زیادہ بالغ آبادی کو ویکسین کی ایک خوراک ملی ہے۔ صرف پانچ دنوں کے اندر 1.5 کروڑ سے زیادہ بچوں کو بھی ویکسین کی خوراک دی گئی ہے۔انہوں نے کہا، ’’یہ کامیابی پورے ملک کی ہے، ہر حکومت کی ہے۔ میں خاص طور پر اس کامیابی کے لیے ملک کے سائنسدانوں، ویکسین بنانے والوں، ہمارے صحت کے شعبے سے وابستہ ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سب کی کوششوں سے ہی ملک نے اس عزم کو چوٹی تک پہنچایا ہے، جس کا آغاز ہم نے صفرسے کیاتھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک نے سال کا آغاز 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو ویکسینیشن سے کیا ہے۔ نئے سال کے پہلے مہینے کے پہلے ہفتے میں ہی، ہندوستان 150 کروڑ ویکسین ڈوز لگانے کا تاریخی مقام بھی حاصل کررہا ہے۔