ولی عہد ابوظبی کی کینسر کا شکار تین سالہ افغان لڑکے کے علاج کی ہدایت
ابوظبی،جنوری۔ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے کینسرکے موذی مرض میں مبتلا تین سالہ افغان لڑکے محمد عامر داؤد کے طبی علاج کے انتظام کی ہدایت کی ہے۔یواے ای کے سرکاری خبررساں ادارے وام نے پیر کے روزخبردی ہیکہ شیخ محمد نے اس وقت ابوظبی کے امارات ہومینٹرین سٹی میں قیام پذیرمحمدعامر کو ضروری علاج کے لیے امریکا منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔شیخ محمد کی ہدایت کے تحت ولی عہد ابوظبی کے دیوان کے چیئرمین شیخ ثیاب بن محمد بن زاید آل نہیان نے افغان بچّے کی امارات ہیومینٹیرین سٹی میں عیادت کی۔شیخ ثیاب نے اس موقع پر متعدد افغان خاندانوں سے بھی ملاقات کی۔ان کی امارات ہیومینٹیرین سٹی میں میزبانی کی جارہی ہے۔انھوں نے ان افغان مہمانوں سے شہر میں قیام اور وہاں مہیا کی جانے والی خدمات اور سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وام کی رپورٹ کے مطابق ان خاندانوں نے اپنے قیام کے دوران میں شاندار مہمان نوازی پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔شیخ ثیاب کا کہنا تھا کہ جب انسانی ہمدردی کے کاموں کی بات آتی ہے تو یو اے ای مصیبت اور پریشانی کے وقت مدد وتعاون کی ایک علامت بن کر سامنے آتا ہے اور وہ اس ضمن میں ایک محرک اور تحریک کا ذریعہ رہے گا۔واضح رہے کہ امارات ہیومینٹیرین سٹی کا قیام 2020ء میں عمل میں لایا گیا تھا اوراسے رازداری کو یقینی بنانے، سلامتی اور حفاظت کے بہترین معیارات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا تھا۔اس کے بیرونی چوکوں میں بچوں اور بڑوں کے لیے کھیل کے متعدد میدان اور تفریحی سہولتیں دستیاب ہیں۔اس کے علاوہ ایک احتیاطی صحت مرکز قائم ہے جہاں ادویہ، خوراک اور دیگرضروریات زندگی مہیا کی جاتی ہیں۔