پہلے ہی اوور میں تین وکٹیں
پاکستانی بالر محمد حسنین کے بگ بیش لیگ میں چرچے
میلبرن؍جنوری.پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بالر محمد حسنین نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں اپنے پہلے ہی میچ کے پہلے اوور میں تین وکٹیں لے کر ہلچل مچا دی۔اتوار کو سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد حسنین نے اپنے پہلے اوور کی دوسری اور تیسری گیندوں پر وکٹیں حاصل کیں جب کہ چوتھی گیند ڈاٹ ہوئی جس کے بعد پانچویں گیند پر بھی وہ ایک اور کھلاڑی کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔اْن کی بگ بیش لیگ میں دبنگ انٹری کی خاص بات یہ بھی رہی کہ انہوں نے پہلے اوور میں کوئی رن بھی نہیں دیا۔میچ میں محمد حسنین نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹیم کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف 28 رنز کی فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔سوشل میڈیا پر بھی محمد حسنین کی بالنگ کے چرچے ہیں، سوشل میڈیا صارفین پاکستانی پیسر کی شان دار کارکردگی پر دل کھول کر داد دے رہے ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ یہ کارکردگی براہ راست دیکھنا، اْن کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں تھا۔یاسین خان نے ٹوئٹ کیا کہ بگ بیش لیگ کے اپنے ڈیبیو میچ میں محمد حسنین کی یہ کارکردگی کسی خوب صورت خواب کی تعبیر جیسی ہے۔اباز حسین نامی صارف نے محمد حسنین کو اسپیڈ گن سے تشبیہ دی جب کہ صارف ہارون نے ٹوئٹ کی کہ پاکستانی پیسرز کی الگ ہی کلاس ہے۔خیال رہے کہ محمد حسنین کے علاوہ شاداب خان، حارث رؤف، فخر زمان، احمد دانیال اور سید فریدون بھی بگ بیش لیگ میں مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔