محمد حفیظ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے رٹائر منٹ کا اعلان

کراچی، جنوری۔پاکستان کے تجربہ کار اور سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پیر کو بین الاقوامی کرکٹ سے رٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔حفیظ نے ایک بیان میں کہاکہ آج میں فخر اور اطمینان کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہتا ہوں۔ میں نے اس سےکہیں زیادہ کمایا اور حاصل کیا جتنا میں نے کبھی سوچا تھا اور اس کے لیے میں اپنے تمام ساتھی کرکٹرز، کپتانوں، اسپورٹ اسٹاف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے کریئر کے دوران میری مدد کی۔ میں بہت خوش قسمت ہوں اور فخر کرتا ہوں کہ مجھے پاکستان کے لیے 18 سال کھیلنے کا موقع ملا۔آل راؤنڈر نے کہا کہ جب آپ کا اتنا طویل پیشہ ورانہ کریئر ہوتا ہے تو آپ کی زندگی میں بہت سے نشیب و فراز آتے ہیں اور میں بھی اس سے مختلف نہیں تھا۔ میں اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ میرے پاس مزید بلندیاں تھیں کیونکہ مجھے اپنے دور کے بہترین بلے بازوں اور گیند بازوں کے ساتھ اور ان کے خلاف کھیلنے کا اعزاز حاصل تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے صدر رمیز راجہ کا اس بارے میں کہنا تھا کہ حفیظ ایک محنتی کرکٹر رہے ہیں جنہوں نے اپنے طویل اور نتیجہ خیز کریئر کے لیے کھیل میں انتھک محنت کی۔ انہوں نے فخر سے سبز رنگ کا بلیزر پہن رکھا ہے جس کے لیے پی سی بی ان کا مشکور ہے۔ میں ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں اور پاکستان کرکٹ میں ان کے شاندار تعاون کے لیے ایک بار پھر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ خیال رہے 41 سالہ حفیظ نے 2003 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔ تاہم وہ فرنچائز کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔ انہوں نے 2018 میں ٹسٹ کرکٹ سے رٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ آئی سی سی کے ریکارڈ کے مطابق انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ سال نومبر میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کھیلا تھا۔ انہوں نے بلے اور گیند دونوں کے ساتھ ورلڈ کپ کی اچھی مہم چلائی۔حفیظ نے پاکستان کے لیے 55 ٹسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں اور تمام فارمیٹس میں 12,780 رنز بنائے ہیں اور 253 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے 32 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی کپتانی بھی کی۔ وہ انگلینڈ اور ویلز میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے رکن بھی تھے۔

Related Articles