اترپردیش کے نئے چیف سکریٹری کی منصفانہ انتخابات کرانے کی یقین دہانی

لکھنؤ، دسمبر ۔اترپردیش کے نومامور چیف سکریٹری درگا شنکر مشرا نے جمعرات کو یہاں چارج سنبھالنے کے بعد ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن کو کووڈ پروٹوکول کی تعمیل کو یقینی بناتے ہوئے ریاست میں آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرائے جانے کا یقین دلایا ہے۔ مشرا نے سبکدوش ہونے والے چیف سکریٹری راجیندر کمار تیواری سے عہدہ سنبھالنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ یوپی میں انتخابات قریب ہیں۔میں نے الیکشن کمیشن کو یقین دلایا ہے کہ ہر کسی کو جلد از جلد ٹیکہ لگایا جائے گا۔ کوویڈ پروٹوکول پر عمل کیا جائے گااور انتخابات میں قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔چارج سنبھالنے کے بعدانہوں نے چیف الیکشن کمشنر سشیل چندر کی قیادت میں الیکشن کمیشن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوںکی جائزہ میٹنگ میں شرکت کی۔ غور طلب ہے کہ الیکشن کمیشن کی 13 رکنی ٹیم یوپی میں ممکنہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے 28 سے 30 دسمبر تک دورے پر ہے۔میٹنگ کے بعد انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اسمبلی انتخابات مکمل طور پر منصفانہ طریقے سے ہوں گے، میں نے کمیشن کو اس بارے میں یقین دہانی کرائی ہے۔ کسی کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ کمیشن کی ٹیم نے اہم قومی اور علاقائی جماعتوں کے نمائندوں اور دیگر جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ گزشتہ تین دنوں سے جاری میٹنگوں کے بعد آج ریاست کے چیف سکریٹری اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ ایک حتمی میٹنگ کی۔چیف سکریٹری کی حیثیت سے مشرا نے اپنی ترجیحات کے بارے میں کہا کہ ’پردھان منتری سواندھی یوجنا‘ کے تحت ملک بھرمیں شامل کئے گئے 28 لاکھ لوگوں میں سے یوپی کے 8 لاکھ لوگوں کو خود کفیل بنانے کا کام کیا گیا ہے۔ مستقبل میں اس اسکیم کے تحت مزید لوگوں کو شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ اتر پردیش میں افسران کی اپنی ٹیم کے ساتھ بہتر کام کرنے کی طرف بڑھیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ بدھ کو مرکزی حکومت کی طرف سے جاری کردہ تقرری آرڈر میں 1984 بیچ کے آئی اے ایس افسر مشرا کو اتر پردیش کا چیف سکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔

Related Articles