جرمنی: بہن کے قتل میں ملوّث دوافغان بھائیوں پرفردِ جرم عاید

برلن،دسمبر۔جرمن استغاثہ نے منگل کے روزجولائی میں دوافغان تارکین وطن پراپنی بہن کے قتل کے الزام میں فردِجرم عاید کی ہے۔انھوں نے مبیّنہ طور پراپنی بہن کومغربی طرززندگی اختیار کرنے پرسزا کے طور پرجان سے مار دیا تھا۔ان افراد کی عمریں 26 اور 22 سال ہیں۔ان کی شناخت جرمنی کے رازداری کے قواعدکے مطابق صرف سیّد ایچ اور سیّد ایچ کے نام سے کی گئی ہے۔ان پرالزام ہے کہ انھوں نے 13 جولائی کو دارالحکومت برلن میں اپنی 34 سالہ بہن کولالچ دے کر ملاقات کے لیے بلایا تھا۔پھراس کوگلا گھونٹ کر ماردیا تھا اوراس کا سرتن سے جداکردیا تھا۔برلن میں استغاثہ نے فردجرم میں کہا ہے کہ وہ اس دن بعد میں ایک سوٹ کیس میں مقتولہ کی لاش کوایک ٹیکسی پر اسٹیشن لے گئے تھے۔وہ ایک ٹرین پر سوار ہوئے اور اس کے ذریعے باویریا گئے تھے جہاں انھوں نے بڑے بھائی کے گھر کے قریب ایک جگہ پرلاش کو گڑھا کھود کردفن کردیا تھا۔استغاثہ نے فردِجرم میں کہا ہے کہ’’یہ افراد اپنی بہن کواس کے مغربی طرززندگی کی وجہ سے سزا دینا چاہتے تھے جو ان کے عزت اور اخلاقیات کے قدامت پسندانہ خیالات اور خواتین کے بارے میں ان کے تصورات سے مطابقت نہیں رکھتا تھا‘‘۔استغاثہ نے مزیدکہا کہ وہ یہ قبول کرنے کوتیار نہیں تھے کہ اس نے اپنے شوہر سے لڑجھگڑ کرطلاق لے لی تھی۔ اس سے مقتولہ کی شادی 16 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔اس سے علاحدگی کے بعد اس نے کسی اور مرد سے تعلقات استوار کرلیے تھے۔دونوں بھائی تین اگست سے حکام کی تحویل میں ہیں۔

Related Articles