ٹیسٹ اوپنر عابد علی اسپتال سے ڈسچارج، ڈاکٹرز کا 2 ماہ آرام کا مشورہ

کراچی،دسمبر۔ٹیسٹ اوپنر عابد علی دل کے عارضے میں مبتلا رہنے اور کراچی کے اسپتال میں پانچ دن گذارنے کے بعد ہفتے کو ڈسچارج ہوگئے ہیں۔عابد علی کچھ روز کراچی میں ہی قیام کریں گے جس کے بعد وہ لاہور روانہ ہوں گے۔ان کی ری ہیب پروگرام فی الحال جاری رہے گا ان کو سینے میں تکلیف کے باعث کراچی کے مقامی اسپتال داخل کرایا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق عابد علی کے دل میں دو اسٹنٹ ڈالے گئے ہیں، ڈاکٹرز نے عابد علی کو مزید دو مہینے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ پی سی بی ان کی میڈیکل رپورٹس بیرون ملک اسپورٹس کارڈیو لوجسٹ کو بھجوا رہا ہے جن کی مدد سے ان کی کرکٹ کی واپسی کے پروگرام کا جائزہ لیا جائے گا۔ عابد علی دو ہفتے تک کراچی میں ری ہیب کریں گے ، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کی رہائش کیلئے تمام انتظامات کر دیئے گئے ہیں۔عابد علی کے والد کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کی طبیعت اب کافی بہتر ہے، دعائیں کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عابد علی انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ میں 15 اننگز میں 695 رنز بنا چکے ہیں جن میں ایک ڈبل سنچری، ایک سنچری اور 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ عابد علی کو طبیعت خرابی پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی دل کی دو شریانوں میں رکاوٹ معلوم ہوئی جس پر انہیں دو اسٹنٹ ڈال دیئے گئے ہیں آسٹریلیا کی ہوم سیریز میں ان کی واپسی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔جبکہ ان کا کھیل میں واپسی کا فیصلہ ڈاکٹر میڈیکل رپورٹس دیکھ کر کریں گے۔

Related Articles