ہار کی خوف سے چھاپے کی کاروائی کرارہی ہے حکومت:اکھلیش
مین پوری:دسمبر۔سماجوادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ چچا شیوپال سنگھ یادو کا ساتھ ملنے سے بی جے پی کو اترپردیش میں اپنی ہار یقینی دکھائی دینے لگی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بوکھلاہٹ میں ایس پی لیڈروں کے گھروں پر انکم ٹیکس کی چھاپے مارنے کی کاروائی کرارہی ہے۔مین پوری میں وجئے رتھ یاترا کے آٹھویں مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے اکھلیش نے منگل کو کہا’چچا(شیوپال سنگھ یادو) کو ساتھ لیا تو جانچیں شروع ہوگئیں۔آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اپنی ہار یقینی دکھائی دینے لگی ہے۔ اس لئے دہلی سے جانچ افسران بھیجے جارہے ہیں۔ لیکن ہم سماج وادی ڈرنے والے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں نے لاک ڈاؤن میں کام کر کے ملک کی معیشت کو بچایا ہے۔ ایس پی حکومت بننے پر کسانوں کے مفاد میں کام کئے جائیں گے۔ جن کی نوکری چھینی گئی ہے انہیں احترام ملے گا۔ یوگی حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ بابا کی حکومت میں نظم ونسق کی حالت کافی خستہ ہے۔کھاد کی قلت نے کسانوں کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔ بی جے پی کے لوگ غریبوں کے حق پر ڈاکہ زنی کررہے ہیں۔ یہ اپیوگی حکومت نہیں انیپوگی حکومت ہے۔ صرف نام اور رنگ بدلنے والی حکومت ہے۔لکھیم پورتشدد کے سلسلے میں اکھلیش نے یوگی حکومت سے سوال کیا کہ حکومت بتائے کہ لکھیم پور میں بلڈوزر کب چلے گا۔ سب سے زیادہ مافیابی جے پی میں ہیں۔ پہلے وزیر اعلی ہیں جنہوں نے اپنے مقدمے واپس لئے ہیں۔ایس پی سربراہ نے کہا کہ ہم سب ذات پر مبنی مردم شماری چاہتے ہیں۔ ایس پی کی حکومت بننے کے تین مہینے کے اندر ذات پر مبنی مردم شماری کراکرسب کو آبادی کے مطابق حق دلائیں گے۔ عوامی ریلی کے بعد اکھلیش نے وجئے یاترا کو ایٹہ کے لئے روانہ کیا۔اس موقع پر سہیل دیو پارٹی کے نائب صدر پرمود چندکشیپ بھی موجود رہے۔