وراٹ کوہلی کو پرگیان اوجھا کا مشورہ
نئی دہلی، دسمبر۔ہندوستان کے سابق کرکٹر اور آئی پی ایل گورننگ کونسل میں ہندوستانی کرکٹرز ایسوسی ایشن (آئی سی اے) کے نمائندے پرگیان اوجھا نے ہندوستانی ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی کے ون ڈے کپتانی سے متعلق عوامی بیان پر بالواسطہ تنقید کی ہے۔ پرگیان اوجھا نے جمعرات کے روز ایک ٹویٹ میں کہا، ایک اچھا شیف جانتا ہے کہ کیا دکھانا ہے اور کیا نہیں،جب وہ ایک مزیدار کھانا تیار کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس طرح رسوئی اور ریستوراں کی ساکھ اسی کے ہاتھ میں ہے۔ پرگیان کی اس تجویز کو وراٹ کے لئے سمجھا جارہا ہے۔یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ وراٹ کو پرگیان کا مشورہ ہے کہ وہ ون ڈے کپتانی سے ہٹائے جانے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے دستیابی کے بارے میں سوالوں کے جواب کے لیے صحیح الفاظ کا انتخاب کر سکتے تھے۔ اوجھا نے اپنے بیان میں کہا، ’’ایک شخص صرف اپنی خوبیاں دکھاتا ہے اور وہ جانتا ہے کہ لوگوں کے سامنے اسے کیا دکھانا ہے اور کیا نہیں۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر کہا کہ کوہلی کو ایسا کچھ نہیں کہنا چاہیے تھا، جس سے تنازعات کو مزید طول ملے ۔