بائیوببل کے دورمیں ذہنی طورسے خود کی دیکھ بھال کرنے کی ضرورت ہے:وراٹ

ممبئی، دسمبر۔ ایک ماہ کے وقفے کے بعد ہندوستانی ٹیم میں واپسی کرنے والے کپتان وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ کرکٹ کے بائیو ببل دور میں ذہنی طور پر خود کی دیکھ بھال کرنے کی ضرورت ہے۔ وراٹ نے ٹی-20 ورلڈ کپ کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی ٹی-20 سیریز اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پہلے ٹیسٹ میں آرام کرنے کافیصلہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے اپنی بیٹنگ تکنیک اور کھیل سے متعلق دیگر پہلوؤں پر کافی کام کیا۔ جب کانپور میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ چل رہا تھا، تب وراٹ ممبئی میں سابق بلے بازی کوچ سنجے بانگر کے ساتھ اپنی بیٹنگ پر کام کر رہے تھے۔ وہ بالکل تازہ دم ہو کر واپس آئے ہیں۔ کرکٹ کے بائیو ببل دور میں، انہوں نے ذہنی طور پر اپنے آپ کا خیال رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وراٹ نے ممبئی ٹیسٹ سے ایک دن پہلے بدھ کو کہا، ’’یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ خود کو ذہنی طور پر تازہ رکھنااہم ہے۔ کپتان نے کہا، کووڈ دور میں جب سے کرکٹ میں بائیو ببل لازمی ہوا ہے، اس وقت سے بہت سے کھلاڑیوں نے اس بارے میں بات کی ہے کہ بائیو ببل میں رہ کر کرکٹ کھیلنا کتنا مشکل ہے۔ اس دوران ہمارے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے درمیان ایک بہتر ہم آہنگی پروان چڑھی ہے۔ ہم نے ایک دوسرے کے ساتھ ورک لوڈ کو کیسے مینج کرنا ہے اورذہنی صحت پر کافی بات چیت کی ہے۔ وراٹ نے کہا، ایک ایسی جگہ پر پریکٹس کرنا جہاں آپ ایک محدود ماحول میں نہیں ہیں یا 50 کیمرے آپ کے آس پاس نہ ہوں…ایسا ہم پہلے کرسکتے تھے۔ ایسے حالات میں ہم ایسا وقت نکالنے کے قابل ہوتے تھے، جہاں آپ اپنے گیم پر اکیلے کام کر سکتے تھے۔ ہم کچھ وقت کے لئے آف لے سکتے ہیں، تاکہ ہم اپنے آپ کے بارے میں سوچ سکیں یا خود کو وقت دے سکیں۔ ان سب چیزوں سے کافی فرق پڑتا ہے۔

Related Articles