ویرات کوہلی نے اپنا معاوضہ کم کر دیا

ممبئی،دسمبر۔بھارت کی ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنا معاوضہ کم کر دیا۔بھارتی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز پارتھیو پٹیل کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی نے اپنا معاوضہ کم کرنے کا فیصلہ رائل چیلنجرز بنگلور کے بہترین مفاد میں کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی پہلے کھلاڑی ہیں جنہیں رائل چیلنجرز بنگلور نے آئی پی ایل کی ’ریٹنشن پالیسی‘ کے تحت اگلے سیزن کے لیے برقرار رکھا ہے لیکن آئی پی ایل کے سیلری کیپ کے مطابق آر سی بی ویرات کوہلی کو 15 کروڑ بھارتی روپے بطور معاوضہ ادا کر سکتی ہے جو کہ ان کی گزشتہ سیلری سے کم ہے۔ویرات کوہلی کے علاوہ دیگر دو کھلاڑی جنہیں رائل چیلنجرز بنگلور نے رواں آئی پی ایل سیزن کے لیے برقرار رکھا ہے ان میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل بھارت کے محمد سراج ہیں، میکسویل کو 11 کروڑ اور محمد سراج کو 7 کروڑ بھارتی روپے میں برقرار رکھا گیا ہے۔ویرات کوہلی کو گزشتہ سیزن میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے 17 کروڑ بھارتی روپے بطور معاوضہ ادا کیاگیا تھا تاہم 2022 کے سیزن کے لیے انہیں 15 کروڑ روپے میں خریدا گیا ہے۔کوہلی کے ساتھ بھارتی ٹیم کے ساتھ ساتھ آئی پی ایل کی ٹیم آر سی بی میں کھیلنے والے پارتھیو پٹیل کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی کو اپنی تنخواہ میں کٹوتی پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور انہوں نے ایسا صرف اپنی ٹیم کے لیے کیا ہے۔سابق بھارتی وکٹ کیپر بلے باز کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی نے اپنے فیصلے سے ثابت کیا کہ وہ اچھے اسپورٹس مین ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے لیڈر بھی ہیں کیونکہ اس سے فرنچائز کو آکشن میں زیادہ اچھے کھلاڑی میسر آ سکیں۔یاد رہے کہ ویرات کوہلی آئی پی ایل کے گزشتہ 9 سیزنز سے رائل چیلنجرز بنگلور کی کپتانی کر رہے تھے تاہم بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کے کچھ ہی ہفتوں بعد انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلور کی قیادت چھوڑنے کا بھی اعلان کر دیا تھا۔

 

Related Articles