دورہ جنوبی افریقہ کا فیصلہ کرنے کے لیے کافی وقت ہے: گنگولی
نئی دہلی، یکم دسمبر۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ میں اومیکرون کے نئے ویرینٹ کے انفیکشن کے خطرے کے درمیان ہندوستان کا دسمبر میں جنوبی افریقہ کا دورہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔ گنگولی نے منگل کی رات ایک بیان میں کہاکہ یہ دورہ ابھی ملتوی نہیں ہوا ہے۔ ہمارے پاس فیصلہ کرنے کے لیے کافی وقت ہے۔ فی الحال دورہ جنوبی افریقہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔ ہم اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں جو کورونا کی نئی قسم کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔ اب جو صورتحال ہے اس کے مطابق دورہ ہونے کا پورا امکان ہے۔ پہلا ٹیسٹ 17 دسمبر سے شروع ہونا ہے۔ ہم اس پر غور کریں گے۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی فی الحال اس دورے کے لیے مرکزی حکومت سے اجازت کا انتظار کر رہا ہے۔ اس کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ جائے گی یا نہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس ٹور کو ری شیڈول کرنے کی بھی اطلاع ہے۔ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی تینوں سیریز کے کچھ میچز کم کیے جا سکتے ہیں۔سمجھا جاتا ہے کہ کرکٹ جنوبی افریقہ (سی ایس اے)بی سی سی آئی کے ساتھ مثبت بات چیت کر رہا ہے اور اسے یقین ہے کہ ہندوستان کا دورہ منصوبہ بندی کے مطابق ہوگا۔ سی ایس اے کے قائم مقام سی ای او فولیسی موسیکی نے ایک بیان میں کہاکہ ہم بی سی سی آئی کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں اور ہندوستانی ٹیم یہاں آنے کی منتظر ہے۔ ہماری حکومت ہماری مدد کرنا چاہتی ہے اور ہم اپنے ہندوستانی ہم منصبوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔ ہم نے دو بائیو ببل بنانے کی تیاری کی ہے۔ انگلینڈ کے دورے سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ جب ہم اس دورے کی تیاری کر رہے تھے تو ہم نے میچوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے گوٹانگ اور کیپ ٹاون کے لیے تیاری کی ہے۔ منصوبہ یہ ہے کہ جوہانسبرگ سے کیپ ٹاون تک چارٹر فلائٹ کا بندوبست کیا جائے۔ اس نئے کورونا ویرینٹ کی آمد سے پہلے بھی یہی منصوبہ تھا۔