نگیدی کوروناسے متاثر، نیدرلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز سے دستبردار

جوہانسبرگ، نومبر۔نیدرلینڈ کے خلاف ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی گھریلو سیریز سے لنگی نگیدی نے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ وہ کووڈ19 سے مثبت ہائے گئے ہیں۔ کرکٹ جنوبی افریقہ نے ایک بیان میں کہا، ’’وہ اب ٹھیک محسوس کر رہے ہیں۔‘‘ بورڈ نے یہ بھی کہا کہ ان کی جگہ جونیئر ڈالا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔تیز گیندبازی یونٹ کے ایک اور رکن لیزاد ولیمز بھی انجری کے باعث اس سیریزمیں نہیں کھیلیں گے۔ ولیمز کی جگہ کسی کھلاڑی کوشامل نہیں کیا گیا ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم نگیدی اورولیمز کے رابطہ میں رہے گی اوران کی پیشرفت کی نگرانی کرے گی۔جولائی میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلنے کے بعد سے نگیدی جنوبی افریقہ کے لیے کوئی میچ نہیں کھیلے ہیں۔ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر ستمبر میں سری لنکا کے دورے پر بھی نہیں گئے تھے، ساتھ ہی وہ ٹی 20 عالمی کپ میں ٹیم کا حصہ تھے لیکن ایک بھی میچ نہیں کھیلے تھے۔جنوبی افریقہ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ ان کے ون ڈے اسکواڈ کے چھ اہم ارکان، کپتان تیمبا باوما، ایڈن مارکرم، کوئنٹن ڈی کاک، رئیسی وین ڈیر ڈوسن، کاگیسو ربادا، اینریک نورٹجے کو سیریز کے لیے آرام دیا گیا ہے۔ کیشو مہاراج ٹیم کے کپتان ہوں گے، ساتھ ہی وین پرنل طویل عرصے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کر رہے ہیں۔اس سیریز میں زبیر حمزہ اور ریان رکلیٹن کے ڈیبیو ہونے کا امکان ہے جب کہ کھایا زونڈو، ڈیرن ڈوپاوین اور سسنڈا مگالا سری لنکا کے خلاف سیریز میں نہ کھیلنے کے بعد واپسی کررہے ہیں۔جنوبی افریقہ کی ٹیم نے بدھ سے ٹریننگ شروع کر دی ہے۔ ٹیم کو سپراسپورٹ پارک میں جمعہ کو پہلا ون ڈے کھیلناہے۔ اس کے بعد دوسرا اور تیسرا ون ڈے 28 نومبر اور یکم دسمبر کو کھیلا جائے گا۔جنوبی افریقہ کی ٹیم: کیشو مہاراج (کپتان)، ڈیرن ڈوپاوین (وکٹ کیپر)، زبیر حمزہ، ریزا ہینڈرکس، سسنڈا مگالا، ینیمان ملان، ڈیوڈ میلن، جونیئر ڈالا، ڈوین پریٹوریئس، اینڈلے فیہوکوائیو، وین پرنیل، ریان ریکلٹن، تبریز شمسی، کائل ورین (وکٹ کیپر)،کھایا زونڈو۔

 

Related Articles