کاشی-متھرا میں مسجدوں کو ہٹانے کے لئے مہم چلائی جائے گی: اکھاڑہ پریشد
ہم تنازعہ نہیں چاہتے، اس لیے مسلم مذہبی رہنماؤں سے ہماری اپیل ہے کہ وہ کاشی اور متھرا سے اپنا دعوی ترک کر دیں، انہیں کہیں اور مساجد کی تعمیر کے لئے زمین فراہم کی جائے گی:مہنت گیری
مہنت گیری نے ہفتہ کے روز کہا کہ ایودھیا میں رام جنم بھومی پر مندر کی تعمیر کے لئے بھومی پوجن کے بعد اکھاڑہ پریشد اب کاشی وشوناتھ اور کرشن کی جنم بھومی کے نزدیک واقع مساجد کو ہٹانے کی مہم شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا کی طرز پر کاشی اور متھرا میں جبراً مسجدیں تعمیر کی گئی تھیں۔ اس لیے اکھاڑہ پریشد سے وابستہ تمام 13 اکھاڑے شری کرشن کی جنم بھومی اور بابا وشوناتھ مندر سے متعلق مذہبی اور تاریخی حقائق اکٹھا کریں گے۔
مہنت گیری نے کہا کہ ہم کسی بھی طرح کا تنازعہ نہیں چاہتے، اس لیے مسلم مذہبی رہنماؤں سے ہماری اپیل ہے کہ وہ کاشی اور متھرا سے اپنا دعوی ترک کر دیں، انہیں کہیں اور مساجد کی تعمیر کے لئے زمین فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے ہونے پر مسلم مذہبی رہنماؤں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔