امریکہ: کرسمس پریڈ کے شرکا کو گاڑی نے کچل دیا، پانچ افراد ہلاک، 40 زخمی

وسکونسن،نومبر۔امریکہ کی ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی کے علاقے واکیشا میں اتوار کو کرسمس پریڈ کے دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے شرکا کو کچل دیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے۔واکیشا کے پولیس چیف ڈین تھامسن کے مطابق کرسمس پریڈ کے دوران ایک ایس یو وی گاڑی بچوں سمیت کم از کم 40 افراد پر چڑھ دوڑی۔ ان کے بقول واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جب کہ مشتبہ گاڑی اور شخص کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔خبروں کے مطابق محکمۂ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ایک فیس بک پوسٹ میں پولیس نے کہا کہ ہلاک افراد کی تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے کیوں کہ مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔حکام نے ابھی اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ آیا اس واقعے کا تعلق دہشت گردی سے ہے۔امریکہ کے صدر جو بائیڈن کو اس واقعے سے متعلق بریف کر دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس واقعے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ریاست وسکونسن اور مقامی حکومت کی مدد کے لیے ان سے رابطہ کیا گیا ہے۔ایکی عینی شاہد نے ملواکی کے مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ ایس یو وی گاڑی جب پریڈ کے شرکا سے آکر ٹکرائی تو اس کی رفتار 64 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے کئی بالغ افراد اور بچوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جس میں سے زیادہ تر کو ان کے گھر والوں اور دوستوں نے اسپتال پہنچایا۔پریڈ کے شرکا کے لیے یہ ایک خوف ناک منظر تھا جسے براہِ راست نشریات میں دیکھا گیا جب کہ ارد گرد کھڑے لوگوں نے بھی اسے ریکارڈ کیا۔قبل ازیں پولیس چیف نے بتایا تھا کہ اس ضمن میں ایک شخص کو تحویل میں لیا گیا ہے لیکن پولیس نے واقعے کے درپردہ محرکات سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔واقعے کی سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی اس وقت سینٹا کلاز کے ہیٹ پہنی لڑکیوں کے ایک گروپ سے ٹکرائی جب وہ سفید پومپوز لیے رقص کر رہی تھیں۔ اس منظر کو دیکھ کر ایک خاتون نے چلا کر کہا "او میرے خدا، او میرے خدا۔”ایک عینی شہد خاتوں نے ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ ان لڑکیوں کی عمریں نو سے پندرہ سال تک بتائی جاتی ہیں۔واکیشا کے میئر شان رائیلی نے ملواکی شہر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے بعد عوام کو کوئی خطرہ درپیش نہیں ہے۔ تاہم پولیس نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ وسطی علاقے میں جانے سے گریز کریں۔

Related Articles